سڈنی۔ زخمی کھلاڑیوں کے حوالے سے ہندوستان کی مشکلیں بڑھتی جا رہی ہیں اور اب اس کے اہم فاسٹ بولر جسپریت بمراہ پیٹ میں کھینچاؤ کے سبب آسٹریلیا کے خلاف 15 جنوری کو برس بین میں ہونے والے چوتھے اور آخری ٹسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ بی سی سی آئی نے پیر کی رات بیان جاری کیا کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی ہڈی ٹوٹنے کے سبب چوتھے ٹسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اسی کے اگلے دن اب یہ خبرآرہی ہے کہ بمراہ بھی چوتھے ٹسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم مینیجمنٹ بمراہ کے حوالے سے کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتا ہے جن کے پیٹ کی عضلات میں کھینچاؤ ہے ۔ بمراہ اس کھینچاؤ کے سبب سڈنی میں تیسرے ٹسٹ کی دوسری اننگز میں پریشان بھی نظر آئے تھے ۔ بمراہ کے علاوہ ہندوستان اوپنر مینک اگروال کی فٹنیس کے حوالے سے بھی فکرمند ہے جنھیں میلبورن میں نیٹس میں چوٹ لگ گئی تھی۔ علاوہ ازیں آف اسپنر آر اشون اور ہنوما وہاری کی فٹنیس کے حوالے سے بھی تشویش قائم ہے ۔ اشون کی پیٹھ میں کھینچاؤ ہے اور انھیں سڈنی ٹسٹ میں پسلیوں میں شارٹ پچ گیند بھی لگ گئی تھی جبکہ ہنوماوہاری کو عضلات میں جکڑن کی شکایت ہے جو انھیں سڈنی میں دوسری اننگز میں سنگل رن لیتے وقت لگی تھی۔ اشون اور ہنوما نے زخمی ہونے کے باوجود سڈنی میں شاندار بیٹنگ کی تھی اور42.4 اوورتک کھیل کرکے میچ ڈرا کروایا تھا۔یادرہے کہ پہلے ٹسٹ کے بعد ہی محمد سمیع زخمی ہوکر ٹسٹ سیریز سے باہر ہوچکے ہیں ۔آسٹریلیا کے بعد ہندوستان کو انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنی ہے ۔