زخمی دھون 10 دنوں کے لیے آئی پی ایل سے باہر

   

ملانپور۔ پنجاب کنگس کے کپتان شکھر دھون کندھے کی چوٹ کی وجہ سے کم از کم 10 دنوں کے لیے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) سے باہر ہوگئے ہیں۔ پنجاب کنگس کے کوچ سنجے بنگر نے ملانپور میں راجستھان رائلس کے خلاف سنسنی خیز مقابلے میں پنجاب کی شکست کے بعد پریس کانفرنس میں اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا، ان کے کندھے میں چوٹ ہے ۔ اس وجہ سے وہ کم از کم 10 دن باہر رہ سکتے ہیں۔ شکھر ایک تجربہ کار اوپنر ہیں۔ اس کے علاوہ انہیں ایسی وکٹ پر کھیلنے کا بھی اچھا تجربہ ہے ۔ ٹیم میں ان کی موجودگی ہمارے لیے بہت اہم ہے ۔ اب ہمیں انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ علاج کے بعد انہیں صحت یاب ہونے میں کتنا وقت لگتا ہے ۔ ایسا لگتا ہے کہ وہ کم از کم سات سے دس دنوں کے لیے باہر ہو سکتے ہیں۔