سماجی ذمہ داریوںکو پورا کرنا ہرا یک کی ذمہ داری ۔ ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک کا خطاب
حیدرآباد 14 مارچ(سیاست نیوز) زرعی شعبہ ‘ امکنہ جات و اعلیٰ تعلیم کیلئے قرض کی اجرائی بینکرس سماجی ذمہ داری تصور کرکے پورا کریں تاکہ تلنگانہ کی جامع ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ حکومت بینکرس کے ساتھ مکمل تعاون کیلئے تیار ہے اور آئندہ 5برسوں میں تلنگانہ اور تلنگانہ عوام کی ترقی کو یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر فینانس مسٹر ملو بھٹی وکرمارک نے آج ریاستی سطح کی بینکرس کمیٹی اجلاس سے خطاب میں یہ بات کہی۔ ملو بھٹی وکرمارک نے بتایا کہ تلنگانہ مجموعی اعتبار سے ہر طرح کی سہولتوں سے آراستہ ریاست ہے اور اس کی جامع ترقی اسی وقت ممکن ہو سکتی ہے جب بینکرس کی جانب سے ریاست کی ترقی میں ممکنہ تعاون کو جاری رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت سے بلاسودی قرض کی رقومات کی اجرائی میں کوتاہی نہیں کی جائے گی اور سیلف ہیلپ گروپ کو رقو مات کی اجرائی میں حکومت عہد کی پابند ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بینکرس کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں زرعی شعبہ کے علاوہ امکنہ جات کیلئے قرض علاوہ اعلیٰ تعلیم کیلئے قرض کی درخواستوں کو منظور کرکے ریاست میں عوامی ترقی کو یقینی بنائیں کیونکہ یہ ان کی سماجی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ان شعبہ جات میں قرضہ جات کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر منظور کرنے کی حامی ہے۔ اجلاس میں وزیر زراعت ٹی ناگیشورراؤ و ریاستی بینکرس کمیٹی کے عہدیداروں کے علاوہ لیڈ ڈسٹرکٹ بینک کے ذمہ دار موجود تھے ۔ حکومت کی جانب سے زرعی شعبہ کی ترقی سیلف ہیلپ گروپ کے علاوہ تعلیمی ترقی پر خصوصی توجہ کے فیصلہ پر ریاستی وزراء نے بینکرس کو واقف کرواتے ہوئے کہا کہ حکومت ہر شعبہ کی ترقی کے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے زرعی مزدوروں کے قرض کی یکمشت ادائیگی اور قرضہ جات کی یکسوئی کے اقدامات سے بھی واقفیت حاصل کرکے بینکرس کو تاکید کی کہ وہ ان امور کو حل کرنے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں تاکہ جو لوگ قرض یکمشت ادائیگی کے ذریعہ بند کروانا چاہتے ہیں انہیں سہولت حاصل ہوسکے ۔ 3