تلنگانہ میں عمل آوری روکنے پردیش کانگریس کے خازن نارائن ریڈی کا مطالبہ
حیدرـآباد۔ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ مرکز کے زرعی قوانین کی مخالفت کرنے کیلئے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کریں۔ نارائن ریڈی نے کہا کہ خصوصی اجلاس میں زرعی قوانین کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے صدرجمہوریہ کو روانہ کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں مرکز کے تینوں قوانین پر عمل آوری روکنے کیلئے علحدہ قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا تاکہ ریاست میں کسانوں کے مفادات کا تحفظ ہو۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی مخالفت کے باوجود مرکز نے لوک سبھا اور راجیہ سبھا میں یکطرفہ طور پر قوانین کو منظوری دی ہے جس کے ذریعہ وزیر اعظم سے قربت رکھنے والی کارپوریٹ کمپنیوں کو زرعی شعبہ کے مفادات حوالے کئے گئے۔ کسانوں کو اقل ترین امدادی قیمت سے محروم رکھتے ہوئے کارپوریٹ کمپنیوں کا فائدہ کیا جارہا ہے۔ ٹی آر ایس نے زرعی قوانین کی پارلیمنٹ میں مخالفت کی لیکن اگر وہ حقیقی معنوں میں کسانوں کے حق میں ہے تو اسے اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرتے ہوئے قرار داد منظور کرنی چاہیئے۔