زرعی مزدوروں کیلئے سالانہ 12 ہزار روپئے امدادی اسکیم کا جاریہ ماہ آغاز: بھٹی وکرامارکا

   

ریاست کے قرض پر بی آر ایس کو کھلے مباحث کا چیلنج، کمزور معاشی موقف کے باوجود انتخابی وعدوں کی تکمیل
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے 28 ڈسمبر سے اراضی نہ رکھنے والے غریب زرعی مزدوروں کیلئے سالانہ 12 ہزار روپئے امدادی اسکیم پر عمل آوری کا اعلان کیا۔ کھمم میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہاکہ 28 ڈسمبر کو ملک کی آزادی کیلئے کانگریس پارٹی کے قیام کا یوم تاسیس منایا جاتا ہے اور اسی دن سے کانگریس حکومت زرعی مزدوروں کیلئے امدادی اسکیم کا آغاز کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مزدوروں کو پہلے مرحلہ کی امداد کے طور پر 6 ہزار روپئے جاری کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سنکرانتی سے کسانوں کیلئے رعیتو بھروسہ اسکیم پر عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد سے اب تک زرعی شعبہ اور کسانوں کیلئے 50953 کروڑ خرچ کئے گئے۔ دس سالہ دور اقتدار میں بی آر ایس نے کسانوں کو یکسر فراموش کردیا تھا۔ عوام کو دس سال تک وعدوں اور تیقنات کے جال میں پھانس کر رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت ریاست میں صنعتوں کے قیام میں توسیع کا منصوبہ رکھتی ہے۔ کتہ گوڑم، راما گنڈم، عادل آباد اور ورنگل میں ایرپورٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ دارالحکومت حیدرآباد کو عالمی شہر کے طور پر ترقی دینے کیلئے موسی ریور فرنٹ پراجکٹ پر عمل آوری کا فیصلہ کیا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ تمام اضلاع کو ملا کر ریجنل رنگ روڈ تعمیر کی جائے گی۔ ریجنل رنگ روڈ اور آؤٹر رنگ روڈ کے درمیان انڈسٹریل اور ہاوزنگ کلسٹر قائم کرتے ہوئے آنے والی نسلوں کی بھلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے قرض کے بارے میں بی آر ایس قائدین عوام کو گمراہ کررہے ہیں۔ دس سالہ دور اقتدار میں بی آر ایس نے آبپاشی، آر اینڈ بی، پنچایت راج، سرکاری دواخانوں، سرکاری ملازمین کے جی پی ایف ، مڈ ڈے میلس، فیس ری ایمبرسمنٹ اور دیگر اسکیمات کے بقایا جات 40154 کروڑ تھے۔ بی آر ایس حکومت نے 711911 کروڑ قرض حاصل کرتے ہوئے عوام پر اضافی بوجھ عائد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت 2014 سے اب تک کے قابل ادائی قرض کے سود کے طور پر 6400 کروڑ بطور سود ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس برسوں میں بی آر ایس کی جانب سے حاصل کئے گئے قرض پر ہر سال 66782 کروڑ کی ادائیگی ہے۔ انہوں نے کہا کہ باریک چاول پر فی کنٹل 500 روپئے بونس کی ادائیگی کے تحت ہر سال 10 تا 15 ہزار کروڑ کسانوں میں تقسیم کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کی عوامی حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے وعدوں کی تکمیل کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت نے بی آر ایس حکومت کے قرض پر تاحال 66722 کروڑ روپئے بطور سود ادا کیا ہے۔ کانگریس حکومت نے ایک سال میں 54114 کروڑ کا قرض حاصل کیا ہے۔ قرض کے حصول پر کانگریس اسمبلی میں مباحث کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس سالہ دور حکومت کے قرض پر بی آر ایس قائدین کو مباحث کیلئے تیار ہونا چاہیئے۔ ریاست کے کمزور مالی موقف کے باوجود حکومت نے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کی ہے اور مزید وعدوں پر عنقریب عمل آوری کی جائے گی۔ 1