زرین خان کا لباس بدلنے کے تبصرہ پر پاپارازی کو سخت جواب

   

ممبئی، 14 جولائی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ اداکارہ زرین خان نے ایک تقریب کے دوران پاپارازی کی جانب سے نامناسب تبصرے پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں اپنی حدود میں رہنے کی تلقین کی۔ اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جس میں اداکارہ کا دوٹوک انداز صارفین کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔زرین خان ممبئی میں منعقدہ ایک تقریب میں شریک تھیں، جہاں وہ مختلف ملبوسات دیکھ رہی تھیں۔ اسی دوران ایک فوٹوگرافر نے انہیں ایک لباس وہیں پہن کر آزمانے کی تجویز دی، جس پر اداکارہ ناراض ہو گئیں۔ زرین خان نے سخت لہجے میں جواب دیتے ہوئے کہا، سب کے سامنے؟ ایسا ہرگز نہیں ہوگا۔ میرے ساتھ فضول باتیں مت کیجیے، کیونکہ میں یہ سب برداشت کرنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ بات کرتے وقت اپنی حدود میں رہیں، آپ سب۔ اداکارہ کے اس دوٹوک مؤقف کو سوشل میڈیا صارفین نے سراہا اور ان کے حق میں تبصرے کیے۔ ایک صارف نے لکھا،آپ نے بالکل درست جواب دیا، میڈم۔ میں واقعی آپ سے متاثر ہوں۔ جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا، ہندوستان میں میڈیا کے بعض افراد کا رویہ دن بہ دن غیر مہذب ہوتا جا رہا ہے۔اداکارہ کے جواب کو کئی صارفین نے فوٹو گرافر کے برتاؤ کا درست جواب قرار دیا ہے او ر کہاکہ اداکاروں کے حرکات وسکنات کو اپنے کیمروں میں قید کرنے والے ان افراد کو اپنے حدود میں ہونا چاہئے ۔ یاد رہے کہ اس سے قبل زرین خان نے اپنی بھانجی آئزل خان کی پہلی سالگرہ پر ایک جذباتی پیغام بھی شائع کیا تھا۔ انہوں نے اپنی بھانجی کو اپنی زندگی کی پہلی نظر کی محبت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ ایک سال میں پیش آنے والی تمام مشکلات کے باوجود آئزل ان کی زندگی میں ایک نعمت بن کر آئی اور بے شمار خوشیاں لے کر آئی۔