زمبابوے کیخلاف پاکستان کی اننگز سے کامیابی

   

پہلے ٹسٹ میں پاکستان کے 426 کے جواب میں میزبان ٹیم 176 اور 134پر آل آؤٹ

ہرارے : زمبابوے کے خلاف پہلے ٹسٹ میں پاکستان نے ایک اننگز اور 116 رنز سے زبردست کامیابی حاصل کرلی ہے۔ پاکستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں فواد عالم کی شاندار سنچری کی بدولت 426 رنز بناکر 250 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔ جواب میں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز 176 کا تک اعادہ نہیں کرسکی اور دوسری اننگز میں محض 134 پر آؤ ٹ ہوگئی۔ حسن علی میچ میں 9 وکٹوں پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔ پاکستان دو میچ کی سیریز میں 1-0 سے آگے ہوگیا ہے۔ قبل ازیں میچ کے آج تیسرے روز پاکستان نے کھیل کا آغاز کیا تو اس نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنائے تھے اور اسے پہلی اننگز میں 198 رنز کی برتری حاصل تھی۔ پاکستان کو 395 کے اسکور پر دو وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا اور حسن علی جبکہ نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کی نویں وکٹ 412 کے مجموعی اسکور پر گری اور ساجد خان 7 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ پاکستانی ٹیم کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی فواد عالم تھے جنہوں نے 204 گیندوں پر 140 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ پاکستان کی ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 426 رنز بنائے اور میزبان ٹیم پر 250 رنز کی برتری حاصل کی۔ زمبابوے کے بلیسنگ موزاربانی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ڈونالڈ ٹریپانو نے 3، رچرڈ ناراوا نے 2 جبکہ ٹینڈائی چسارو نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ زمبابوے کی دوسری اننگز میں پہلی وکٹ کے لئے 48 رنز بنائے گئے مگر جیسے ہی کیون کاسوزا 28 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تو اُس کے بعد کوئی قابل لحاظ پارٹنرشپ نہیں ہوئی یہاں تک کہ 47 ویں اوور میں 134 پر پوری ٹیم سمٹ گئی۔ حسن علی نے 5/34 کی زبردست بولنگ کی۔ گزشتہ روز پاکستانی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹسٹ میچ میں فواد عالم کی سنچری کی بدولت 198 رنز کی برتری حاصل کر کے میچ پر گرفت مضبوط کر لی تھی۔ پاکستان نے پہلی اننگز میں بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 176 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔ حسن علی اور شاہین آفریدی نے 4، 4 وکٹیں حاصل کی تھیں جبکہ نعمان علی ایک وکٹ حاصل کر پائے تھے۔