زمین کی کھدائی میں خزانہ برآمد، لوگ زیورات اور سکے لوٹنے دوڑ پڑے

   

نوئیڈا : سونا، چاندی اور خزانہ کی طلب کسے نہیں ہوتی؟ ہر کوئی چاہتا ہے کہ کہیں سے کوئی چھپا ہوا خزانہ حاصل ہو اور وہ راتوں رات مالا مال بن جائے۔ قصّے کہانیوں میں یہ چیزیں تو ممکن ہوتی ہیں لیکن حقیقت میں ایسا شاید ہی کبھی ہوتا ہے۔ حالانکہ گوتم بدھ نگر گریٹر نوئیڈا کے دَنکور علاقہ کے راجپور کلا گاؤں میں کچھ اسی طرح کا واقعہ پیش آیا۔ گزشتہ اتوار کی رات مٹی کے نیچے چھپا ہوا ایک قدیم خزانہ برآمد ہوا جس کے بعد پورے گاؤں میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔ واقعہ یہ ہے کہ گاؤں کے مکھیا کیلاش کے کھیت میں جے سی بی سے کھدائی کے دوران بڑی تعداد میں سفید دھات کے سکّے اور گہنے پائے گئے ہیں۔ قریب 18 سے 20 زیورات کے ٹکڑے ملے ہیں جن کی جانچ محکمہ آثار قدیمہ کررہا ہے۔ واقعہ کی شروعات تب ہوئی جب ایک دیہاتی اپنی زیر تعمیر عمارت کے لئے مٹی لے جارہا تھا۔ صبح ہوتے ہی عوام کو مٹی کے ساتھ بکھرے ہوئے سکّے نظر آئے۔ خزانہ کی خبر پھیلتے ہی گاؤں کے لوگ بڑی تعداد میں کھیت کی طرف دوڑ پڑے اور سکوں اور زیورات کو حاصل کرنے کی بھاگ دوڑ شروع ہو گئی۔ اطلاع ملنے کے بعد محکمہ آثار قدیمہ کی ٹیم اور مقامی پولیس موقع پر پہنچی۔ انہوں نے قریب 18سے 20 اقسام کے زیورات کے ٹکڑوں کو جانچ کیلئے اپنے قبضہ میں لے لیا۔ یہاں پہلے سے ہی قدیم عہد سے جڑے کئی شواہد اور عقائد موجود ہیں۔