حیدرآباد : حیدرآباد کرکٹ اسوسی ایشن کی سرپرستی میں نواب منصورعلی خان پٹوڈی ٹی 20 ٹائیگر کپ کے ایک مقابلہ کا سنسنی خیز اختتام ہوا جب چارمینار کرکٹ کلب نے کامیابی کیلئے مطلوبہ نشانہ 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر چھکے کے ساتھ حاصل کیا۔ قبل ازیں زندہ طلسمات کرکٹ کلب پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19.2 اوورس میں 113 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ چارمینار کیلئے یاسر نے 3.2 اوورس میں 10 رنز کے عوض 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ عمر رضوان محمد نے 2، خواجہ مدثراحمد اور محمد عدنان احمد نے فی کس ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ 114 رنز کے تعاقب میں چارمینار کرکٹ کلب نے بہتر شروعات حاصل کی جیسا کہ یاسر نے 30 رنز اسکور کئے جبکہ آخری اوور میں فاتح ٹیم کو کامیابی کیلئے 6 رنز درکار تھے لیکن عمر رضوان نے 20 ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر ڈیپ مڈوکٹ پر چھکا لگاتے ہوئے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ یاد رہے یہ ٹورنمنٹ ناک آؤٹ طرز پر کھیلا جارہا ہے۔