زہریلی شراب سانحہ ،تیسرے دن بھی اسمبلی اجلاس میں ہنگامہ

   

چینائی: ٹاملناڈو کی اہم اپوزیشن پارٹی اے آئی اے ڈی ایم کے نے کلاکوریچی میں زہریلی شراب پی کر 50 سے زیادہ لوگوں کی اموات کے سانحے پر لگاتار تیسرے دن پیر کے روز بھی اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔جمعہ کے روز اے آئی اے ڈی ایم کے ارکان نے وقفہ سوالات کے دوران کارروائی میں خلل ڈالا، جس کے بعد اسپیکر ایم اپاو کے حکم پر انہیں اجتماعی طور پر ایوان سے باہر نکال دیا گیا تھا۔انہوں نے زہریلی شراب کے سانحہ پر بحث کے لیے وقفہ سوالات کو معطل کرنے کی مانگ کی تھی تاہم اسپیکر اپاو نے بعد میں چیف منسٹر ایم کے اسٹالن کی درخواست پر حکم واپس لے لیا اور انہیں زیرو آور کے دوران کالکوریچی مسئلہ پر بحث میں حصہ لینے کے لئے ایوان میں واپس آنے کی تاکید کی لیکن اے آئی اے ڈی ایم کے ارکان ایوان میں واپس نہیں لوٹے ۔ہفتہ کے روز بھی انہوں نے ایسا ہی مطالبہ اٹھایا اور واک آؤٹ کیا اور کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔قائد حزب اختلاف اور اے آئی اے ڈی ایم کے جنرل سکریٹری ایڈاپڈی کے پلانی سوامی کی قیادت میں، اے آئی اے ڈی ایم کے کے ارکان نے سانحہ کی سی بی آئی جانچ اور اسٹالن کے استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے ریاست گیر احتجاج شروع کیا ہے ۔