زیارت میں شرکت کے ذریعہ سرقہ کرنے والی عادی خاتون سارق گرفتار

   

حیدرآباد : یکم / مارچ (سیاست نیوز) زیارت میں شرکت کے بعد سرقہ کرنے والی ایک عادی خاتون سارق کو بہادر پورہ پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق 40 سالہ زاہدہ بیگم ساکن سلطان شاہی کو گرفتار کرلیا گیا اور اس خاتون کے قبضہ سے 66 گرام طلائی زیورات کو ضبط کرلیا گیا ۔ بہادر پورہ پولیس ایک خاتون کی شکایت پر تحقیقات کررہی تھی ۔ /16 فبروری کو شکایت گزار خاتون کے مکان میں خاتون کے خسر کی زیارت منعقد ہوئی تھی جس میں دوست ، رشتہ دار شریک تھے ۔ اس تقریب میں زاہدہ بیگم بھی شریک تھی ۔ پولیس نے بتایا کہ زاہدہ بیگم بغیر کسی اطلاع و اجازت کے اس زیارت میں شریک ہوگئی ۔ شکایت گزار خاتون دوست رشتہ داروں میں مصروف تھی ۔ مصروفیت کے بعد جب خاتون نے الماری کی جانچ کی تو حیران رہ گئی ۔ اس کے مکان کی الماری سے طلائی زیورات چوری ہوگئے تھے ۔ خاتون نے فوری اس بات کی شکایت پولیس میں کروائی ۔ پولیس بہادر پورہ نے تحقیقات کے دوران زاہدہ بیگم کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار خاتون اس سے قبل صنعت نگر کی ایک واردات میں ملوث بتائی گئی ہے ۔ پولیس نے گرفتار خاتون کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔ ع