سائبرآباد علاقہ کو بچہ مزدوری سے پاک کرنے کا عزم

   

آپریشن اسمائیل پروگرام کی ایک سال تکمیل پر تقریب ، وی سی سجنار کا خطاب
حیدرآباد /10 جولائی ( سیاست نیوز ) سائبرآباد علاقہ کو بچہ مزدوری سے پاک کرنا میری اولین ترجیحات میں ایک ہے ان خیالات کا اظہار کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر وی سی سجنار نے کیا ۔ انہوں نے آج یہاں آپریشن اسمائیل کی ایک سالہ تکمیل پر منعقدہ تقریب کو مخاطب کیا اور پولیس کی جابن سے بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے عمل میں لائے جاریہ اقدامات کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ ایک سال کے عرصہ میں 581 بچہ مزدوری کو محنت مزدوری سے آزاد کردیاگیا اور انہیں تعلیم کے بہترین مواقع فراہم کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ نونہالوں کو ان کے بچپن کی خوشیاں واپس دلاتے ہوئے انہیں بچپن کی بہاروں میں خوشگوار زندگی فراہم کرنا میرا اہم مقصد ہے ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ سائبرآباد کمشنریٹ حدود میں بچہ مزدوری کے خاتمہ کو عملی شکل دی جائے گی اور سائبرآباد پولیس کمشنریٹ حدود بچہ مزدوری کے خاتمہ کی ایک مثال بنے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ 6 جون سال 2018 کو آپریشن اسمائیل کا آغاز کیا گیا اور یہ آپریشن جاری رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ہوٹلس بازاروں ، دوکانات ، اینٹ کی بھٹیوں اور دیگر مقامات پر مزدوری میں ملوث کردئے گئے ۔ 581 بچوں کو بچہ مزدوری سے نجات دلاتے ہوئے انہیں راحت فراہم کی گئی ۔ جن میں 366 لڑکے اور 213 لڑکیاں پائی جاتی ہیں ۔ کمشنر پولیس نے بتایا کہ بچہ مزدوری کے خاتمہ کیلئے شہریوں میں شعور بیداری کے اقدامات عمل میں لائے گئے اور شہریوں سے راست اطلاعات حاصل کرنے کیلئے خصوصی واٹس ایپ نمبر جاری کیا گیا ۔ تاکہ 14 سے کم عمر والے بچوں کو بچہ مزدوری سے بچایا جاسکے ۔