حیدرآباد6مارچ(سیاست نیوز) سائبر دھوکہ باز جو شہریوں کو برہنہ ویڈیو کالس کے ذریعہ نشانہ بناتے ہیں نے تلنگانہ اسمبلی رکن اسمبلی کو بھی نہیں بخشا اور ان کی چند سیکنڈ کی ویڈیو کانگریس قائدین کو روانہ کرکے بلیک میل کرنے کی کوشش کی جس پر رکن اسمبلی نکریکل وی ویریشم نے سائبر کرائم میںشکایت درج کروائی۔ ویریشم کو ویڈیو کال موصول ہوا اور کال کرنے والے سائبر دھوکہ باز کے برہنہ ہوکر رابطہ کئے جانے پر انہوں نے کال منقطع کردی لیکن اس ویڈیو کال کی چند سیکنڈ کا اسکرین شاٹ حاصل کرکے سائبر دھوکہ بازوں نے رکن اسمبلی کو بلیک میل کرنے کی کوشش کی اور پیسہ کا مطالبہ کیا لیکن جب رکن اسمبلی نے ان دھوکہ بازوں کو جواب دینا بند کردیا تو دھوکہ بازوں نے ان کی ویڈیو بعض قائدین اور ارکان اسمبلی و حامیوں کے واٹس ایپ پر روانہ کردی جس کے بعد رکن اسمبلی خوف و ہراس کا شکار ہوگئے اور پولیس میں شکایت درج کروائی۔ مسٹر ویریشم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عوام ایسے سائبر دھوکہ بازوں سے ہوشیار رہیں اور کسی بھی طرح کی دھوکہ دہی کا شکار ہوکر بلیک میل ہونے کی بجائے پولیس سے رجوع ہوں تاکہ سائبر دھوکہ بازوں کے خلاف کاروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انہو ںنے بتایا کہ انہیں جو فون کال موصول ہوا ہے وہ مدھیہ پردیش سے تھا اور اس کی تمام تر تفصیلات انہوں نے پولیس کو حوالہ کرکے معاملہ کی جامع تحقیقات کیلئے درخواست دی ہے اور انہیں امید ہے کہ سائبر کرائم پولیس کی جانب سے اس معاملہ کی تحقیقات کرتے ہوئے فون کال کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ 3