بیسل : اولمپکس میں ہندوستان کیلئے برونز میڈل حاصل کرنے والی بیڈمنٹن کھلاڑی سائنا نہوال کو پہلے ہی مقابلے میں سخت جدوجہد کے باوجود پٹیاپورن چائیون کیخلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ تھائی لینڈ کی حریف کھلاڑی نے سائنا کو 58منٹ طویل مقابلہ میں 16-21 ، 21-17 ، 21-23 سے شکست دی ۔ دوسری جانب پی وی سندھو نے پہلے مرحلے میں عالمی نمبر 16ترکی کی یگت نسلیہان کو بہ آسانی 21-16 ، 21-19سے شکست دی ہے ۔ سندھو نے دوسرا مقابلہ میں امریکی کھلاڑی ایرس وانگ سے سامنا ہوگا ۔ رواں ٹورنمنٹ کے آغاز سے قبل یہ امید کی جارہی تھی کہ کوارٹر فائنل میں مذکورہ دونوں ہندوستانی کھلاڑیوں کا آمنا سامنا ہوگا لیکن سائنا کی شکست کے بعد ہندوستانی شائقین کو مایوسی ہوئی ہے ۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں چوتھے درجہ کے کھلاڑی کڈمبی سریکانت، پانچویں درجہ کے بی سائی پرنیت ، سورو ورما اور وجئے شرما نے بھی اگلے مرحلہ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ سابق چمپئن سریکانت نے جنہوں نے یہاں 2015ء میں خطاب حاصل کیا تھا وہ پہلے مرحلے کے مقابلہ میں سخت جدوجہد کے بعد فرانس کے تھامس روکسیل کو 21-10، 14-21 ، 21-14سے شکست دی ۔ سابق عالمی نمبر ایک سریکانت نے ٹورنمنٹ کا بہتر آغاز کیا ہے ۔ مکسڈ ڈبل جوڑی اشونی پونپا اور ان کے ساتھی کھلاڑی ست وک سائی راج نے انڈونیشیا کی جوڑی رینوریوالڈی اور پیتھا ہنگٹیاس کو بہ آسانی 21-18 ، 21-16 سے شکست دی ۔