سائی چیتنیہ کو کمشنر نظام آباد مقرر کرنے پر ایم بی ٹی کا اعتراض

   

جانبدار ہونے کا الزام ۔ انکوائری زیر التواء ہونے کا ادعا ۔ امجد اللہ خان خالد کا بیان

حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : ریاستی حکومت کی جانب سے آئی پی ایس عہدیداروں کے تبادلہ پر ایم بی ٹی نے سخت اعتراض کیا ہے ۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک امجد اللہ خاں خالد نے اپنے بیان میں ریونت ریڈی حکومت پر زور دیا کیا کہ وہ بدعنوان عہدیداروں کو دئیے گئے اہم عہدوں سے دستبرداری اختیار کرے ۔ ایم بی ٹی قائد نے آئی پی ایس عہدیدار سائی چیتنیہ کو نظام آباد کمشنر مقرر کرنے پر سخت اعتراض کیا اور چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے فیصلہ کو فوری اثر کے ساتھ واپس لیں ۔ امجد اللہ خاں خالد نے کہا کہ سائی چیتنیہ ایک جانبدار عہدیدار ہیں ۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سائی چیتنیہ نے بہ حیثیت ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون کانگریس اور ایم بی ٹی کے خلاف مہم چلائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک باوقار عہدے پر فائز ہوتے ہوئے سائی چیتنیہ نے ایم آئی ایم اور بی آر ایس کے ایجنٹ کا مبینہ رول ادا کیا ۔ انہوں نے سائی چیتنیہ پر لینڈ گرابرس کی پشت پناہی اور بی آر ایس کے حق میں کام کرکے ایم آئی ایم کے خلاف آواز اٹھانے والوں کو پریشان کیا ۔ غیر مجاز طور پر ناجائز مقدمات درج کئے گئے اور ایم بی ٹی کارکنوں کے علاوہ خود کانگریس کارکنوں کا بھی دائرہ تنگ کیا ۔ انہوں نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو ان کے وعدے اور بیانات یاد دلاتے ہوئے سوال کیا کہ کیا سائی چیتنیہ چیف منسٹر کی لال ڈائری میں درج نہیں تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت جب کہ بی جے پی تلنگانہ میں اپنا وجود ضبوط کرنے میں کامیاب ہورہی ہے ایسے وقت نظام آباد جیسے مقام پر کمشنر جیسے عہدے پر سائی چیتنیہ کا تقرر بے چینی کا باعث بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس عہدیدار کے خلاف انکوائری چل رہی ہے ۔ ایسے عہدیدار کو جس نے کانگریس کے خلاف کھل کر کام کیا باوقار پوسٹنگ معنی خیز ثابت ہورہی ہے ۔ ترجمان مجلس بچاؤ تحریک نے کہا کہ راجندر نگر یونیورسٹی میں دئیے گئے کوارٹرس کی تزئین نو انجام دیا گیا اور سائی چیتنیہ کے اس کوارٹرس کی مرمت فلک نما کے ایک لینڈ گرابر کی جانب سے کی گئی ۔ اس بات کی بھی تحقیقات کرتے ہوئے منظر عام پر لانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مجلس بچاؤ تحریک کی جانب سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو اس سلسلہ میں ایک یادداشت پیش کی جائے گی اور ضرورت پر سائی چیتنیہ کے خلاف مہم چلاتے ہوئے مسئلہ کو مرکزی وزارت داخلہ سے بھی رجوع کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں اس عہدیدار کا تبادلہ حالات کو بگاڑنے لینڈ گرابنگ گروپ بندیوں جھگڑے اور فسادات کا سبب بن سکتا ہے اور ایم بی ٹی کو خدشہ ہے کہ اس عہدیدار کے سبب ریونت ریڈی کی حکومت کی نیک نامی متاثر ہوگی ۔ انہوں نے ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے عہدیداروں کو دئیے گئے اہم عہدوں سے دستبرداری اختیار کرے ۔۔ ع