سابرمتی ریور فرنٹ کے طرز پر کریم نگر ریور فرنٹ کی ترقی

   

حکومت کی جانب سے 310 کروڑ روپئے کی منظوری ، کے ٹی آر کا جائزہ اجلاس
حیدرآباد : وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے گجرات کے سابرمتی ریور فرنٹ کی طرز پر کریم نگر کے مانیر ریور فرنٹ کو سیاحتی مرکز کے طرز پر ترقی دینے کا اعلان کیا۔ آج حیدرآباد میں کے ٹی آر نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا جس میں ریاستی وزیر سیول سپلائز جی کملاکر وزیرسیاحت سرینواس گوڑ کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں نے شرکت کی جس میں کریم نگر کے مانیر ریور فرنٹ کی ترقی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ مانیر ریور فرنٹ کی ترقی صرف کریم نگر تک محدود نہیں ہونی چاہئے بلکہ تلنگانہ کے سر کے تاج کے مماثل ہونی چاہئے۔ ملک کے جتنے بھی ریور فرنٹس سے اس سے بھی بہتر اور خوبصورت ہونا چاہئے۔ اس کیلئے پراجکٹ سے تعلق رکھنے والے محکمہ جات، آبپاشی، سیاحت، مال، بلدی نظم و نسق، عمارت و شوارع پنچایت راج کو مسلسل ایک دوسرے سے رابطہ و تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ رابطہ و تال میل پیدا کرتے ہوئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیربلدی نظم و نسق نے کہا کہ اس پراجکٹ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے 310 کروڑ روپئے منظور کیا ہے۔ بہترین ڈیزائن تیار کرتے ہوئے اس پراجکٹ کو ترقی دینے کی ضرورت ہے۔ پراجکٹ صرف کریم نگر تک محدود نہ رہے بلکہ تلنگانہ کے سر کا تاج بنے اس طرح کے اقدامات کی ضرورت ہے۔ تلنگانہ کے سیاحتی مراکز میں ایک اور مرکز کا اضافہ کیا جارہا ہے جو سیاحوں کیلئے قابل فخر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پراجکٹ کو خوبصورت اور دلکش بنایا گیا تو حیدرآباد کے علاوہ ورنگل کے ساتھ دوسرے اضلاع کے عوام بھی سیروتفریح کیلئے کریم نگر کو پہنچیں گے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ کریم نگر میں آئی ٹی ٹاور قائم کرتے ہوئے آئی ٹی کمپنیوں کو کریم نگر کا رخ کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ ریور فرنٹ پروگرام کی تکمیل کے بعد کریم نگر مزید تیزی سے ترقی کرے گا۔