ملیکارجن کھرگے نے استقبال کیا، مزید قائدین کی شمولیت کا امکان
حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے تلنگانہ کے تمام اضلاع میں مضبوط امیدواروں کی تلاش کیلئے آپریشن آکرش تیز کردیا ہے۔ ٹی آر ایس سے تعلق رکھنے والے سینئر قائدین اور سابق ارکان اسمبلی کی پارٹی میں شمولیت کیلئے مہم کو کامیابی حاصل ہورہی ہے۔ تازہ ترین تبدیلی کے تحت ٹی آر ایس کے سابق رکن اسمبلی اے پراوین ریڈی نے کانگریس میں شمولیت اختیار کرلی۔ پراوین ریڈی 2009 میں حسن آباد اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں اور وہ کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ بعد میں انہوں نے ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔گزشتہ انتخابات میں یہ نشست انتخابی مفاہمت کے تحت سی پی آئی کو الاٹ کی گئی تھی۔ پراوین ریڈی کا شمار ٹی آر ایس کے سینئر قائدین میں ہوتا ہے اور ان کی کانگریس میں شمولیت سے نہ صرف حسن آباد بلکہ اطراف کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس کے استحکام کی امید ہے۔ نئی دہلی میں راجیہ سبھا کے قائد اپوزیشن ملیکارجن کھرگے نے پراوین ریڈی کا کانگریس میں استقبال کیا اور انہیں پارٹی کھنڈوا پہنایا۔ اس موقع پر صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین موجود تھے۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے عاجز آکر ٹی آر ایس کے کئی قائدین کانگریس میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ مزید قائدین کانگریس سے ربط میں ہیں۔ پراوین ریڈی نے کہا کہ وہ کانگریس پارٹی کے استحکام کی مساعی کریں گے۔ر