نئی دہلی 11 اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی ایک عدالت نے سابق فورٹس ہیلت کیر کے پروموٹرس مالویندر سنگھ اور ان کے بھائی شیویندر سنگھ اور تین دوسروں کو چار دن کی پولیس تحویل میں دیدیا ہے ۔ ان تمام کی گرفتاری ریلیگئیر فنویسٹ لمیٹیڈ کے فنڈز کے بیجا تغلب اور 2,397 کروڑ روپئے کے نقصانات کرنے کے سلسلہ میں عمل میں آئی تھی ۔ چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ دیپل شیراوت نے پانچ ملزمین کو دہلی پولیس کی معاشی جرائم ونگ سے پوچھ تاچھ کی منظوری دیتے ہوئے انہیں تحویل میں بھیج دیا ۔ مالویندر سنگھ کو آج صبح گرفتار کیا گیا جبکہ شیویندر سنگھ ‘ سنیل گودھوانی ‘ کوی اروڑہ اور انیل سکسینہ کو کل ہی گرفتار کیا گیا تھا ۔ پولیس نے عدالت سے رجوع ہوتے ہوئے انہیں تحویل میں دینے کی خواہش کی تھی اور کہا تھا کہ انہیں عوامی رقومات کے تغلب کے سلسلہ میں پوچھ تاچھ کی ضرورت ہے ۔ پوچھ تاچھ کے ذریعہ رقومات کا پتہ چلایا جانا ہے ۔ پولیس کا کہنا تھا کہ ملزمین سے کچھ ثبوت و شواہد پر بھی بیان لئے جانے ہیں اور مزید سازشی افراد کا بھی پتہ چلایا جانا ہے ۔ ملزمین کے وکیل نے پولیس تحویل کی مخالفت کی تھی تاہم عدالت نے فریقین کی سماعت کے بعد ان تمام ملزمین کو چار دن کی پولیس تحویل میں بھیج دیا ۔