معاشی اصلاحات اور کسانوں کی ترقی کا تذکرہ ، او بی سی طبقات کو پیشہ ورانہ کورسس میں تحفظات
حیدرآباد ۔27۔ڈسمبر (سیاست نیوز) سابق وزیراعظم آنجہانی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو کانگریس پارٹی نے خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے پوٹریٹ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے اور ملک و قوم کیلئے ان کی خدمات کی یاد تازہ کی گئی۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر کمار راؤ مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین شوبھا رانی ، سائی کمار، جنرل سکریٹریز لکشمن یادو ، چرن کوشک ، بی کشن ، سوریا نائک کے علاوہ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے سابق وزیراعظم کو خراج پیش کیا۔ فارمرس ویلفیر کمیشن کے صدرنشین ایم کودنڈا ریڈی اور ارکان کے وی این ریڈی اور راملو نائک نے سابق وزیر اعظم کی تصویر پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کسانوں کی بھلائی کیلئے 10 سالہ دور حکومت میں کئی اقدامات کئے ۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبہ کی ترقی میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کے رول کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی دور حکومت میں کسانوں کی قرض معافی کی تجویز ڈاکٹر منموہن سنگھ کو پیش کی گئی جس پر انہوں نے ملک بھر میں کسانوں کی قرض معافی اسکیم کا آغاز کیا تھا۔ قرض معافی اسکیم کیلئے ملک بھر میں 78 ہزار کروڑ جاری کئے گئے ۔ کودنڈا ریڈی نے کہا کہ ملک میں معاشی اصلاحات ڈاکٹر منموہن سنگھ کا کارنامہ ہے۔ سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ منموہن سنگھ کا انتقال کانگریس پارٹی اور ملک کا ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سونیا گاندھی نے دو مرتبہ ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزارت عظمیٰ کے عہدہ پر فائز کیا۔ ماہر معاشیات کے طور پر ملک کو معاشی بحران سے بچانے میں ڈاکٹر منموہن سنگھ کا اہم رول رہا۔ او بی سی ارکان پارلیمنٹ کے کنوینر کے طور پر ہنمنت راؤ کو منموہن سنگھ سے بارہا ملاقات کا موقع ملا۔ آئی آئی ٹی اور آئی آئی ایم میں او بی سی طبقات کو تحفظات کی فراہمی کیلئے ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پارلیمنٹ میں بل پیش کیا تھا ۔ ریاستی وزیر جنگلات کونڈا سریکھا نے ڈاکٹر منموہن سنگھ کو عظیم ماہر معاشیات قرار دیا اور کہا کہ ایسے وقت جبکہ ہندوستان کی معاشی حالت کمزور تھی، ڈاکٹر منموہن سنگھ نے معاشی اصلاحات کے ذریعہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ صدرنشین تلنگانہ انڈسٹریل انفراسٹرکچر کارپوریشن نرملا جگا ریڈی نے بھی ڈاکٹر منموہن سنگھ کو خراج پیش کیا۔1