سابق وزیر جناب محمد فرید الدین کا انتقال

, ,

   

سنگاریڈی 29 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب محمد فرید الدین سابق وزیر و اسٹیٹ جنرل سکریٹری ٹی آر ایس فرزند جناب محمد فخر الدین مرحوم کا 29 ڈسمبر کی شام حیدرآباد میں انتقال ہو گیا۔ وہ گزشتہ کچھ عرصہ سے علیل تھے اور حیدرآباد کے ایک کارپوریٹ ہاسپٹل میں زیر علاج تھے۔ جناب محمد فرید الدین کا تعلق ضلع سنگاریڈی کے حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے تھا۔ انھوں نے موضع ہوتی بی سرپنچ سے اپنے سیاسی کیرئر کا آغاز کیا۔ 1999 اور 2004 میں حلقہ اسمبلی ظہیرآباد سے کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہوے۔ 2004 تا 2007 وزیر اقلیتی بہبود اور 2007 تا 2009 وزیر امداد باہمی و مارکٹنگ رہے۔ حلقہ اسمبلی ظہیرآباد ایس سی طبقہ کیلئے محفوظ ہونے پر انھوں نے حلقہ اسمبلی عنبرپیٹ سے انتخاب لڑا اور ناکام رہے۔ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جس پر انھیں ٹی آر ایس کا اسٹیٹ جنرل سکریٹری نامزد کیا گیا اور 2016 میں ایم ایل سی منتخب ہوے اور کچھ ماہ قبل ان کی میعاد مکمل ہوء تھی۔ ان کے انتقال پر ضلع بھر میں غم کی لہر دوڑ گئی اور سیاسی سماجی’ ملی قائدین کے علاوہ سماج کے تمام طبقات کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا گیا۔نماز جنازہ اور تدفین کل جمعرات کو بعد نماز ظہر ظہیرآباد میں ہی عمل میں آئے گی۔ تفصیلات کے لئے 9640339564 پر ربط پیدا کیا جاسکتا ہے۔

محمد فرید الدین کا انتقال مسلم سیاسی حلقوں کے لیے افسوسناک : محمد فاروق حسین
حیدرآباد۔29ڈسمبر(سیاست نیوز) جناب محمدفرید الدین کا انتقال مسلم سیاسی حلقوں کے لئے انتہائی افسوسناک خبر ہے اور ان کا انتقال سے ریاست تلنگانہ ایک مدبر اور سیاس شخصیت سے محروم ہوچکی ہے۔ جناب محمد فاروق حسین رکن قانون ساز کونسل تلنگانہ نے جناب محمدفرید الدین سابق ریاستی وزیر و رکن قانون ساز کونسل کے انتقال پر اپنے گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک انتہائی شریف النفس سیاستداں تھے ۔ انہو ںنے بتایا کہ کانگریس میں بہ حیثیت وزیر ان کے ساتھ کام کرنے کے علاوہ تشکیل تلنگانہ کے بعد تلنگانہ قانون ساز کونسل میں بھی ان کے ساتھ وہ خدمات انجام دے چکے ہیں لیکن ان کی سیاسی زندگی کبھی داغدار نہیںرہی ۔ جناب محمدفاروق حسین نے جناب محمد فرید الدین کے انتقال پر ان کے پسماندگان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ مرحوم کی مغفرت اور درجات کو بلند کرے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ م

جناب فرید الدین کے انتقال پرچیف منسٹر کے سی آر اور دیگر قائدین کا خراج
حیدرآباد۔/29ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سابق وزیر محمد فرید الدین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیام میں چیف منسٹر نے کہا کہ اقلیتی قائد اور عوامی منتخب نمائندہ کے طور پر فرید الدین نے کئی ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ ضلع میدک اور اپنے حلقہ انتخاب کے عوام کی انہوں نے غیر معمولی خدمت انجام دی ہیں۔ چیف منسٹر نے جناب فرید الدین کے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے اظہار ہمدردی کیا۔ وزیر فینانس ہریش راؤ نے جناب فرید الدین کے انتقال پر صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن اسمبلی، وزیر اقلیتی بہبود اور رکن کونسل کی حیثیت سے جناب فرید الدین نے عوام کی غیر معمولی خدمت کی ہے۔ میدک ضلع میں کئی ترقیاتی کاموں میں ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر اقلیتی بہبود کے ایشور نے جناب فرید الدین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا اور اپنے پیام میں کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں رکن اسمبلی و ریاستی وزیر کے علاوہ تلنگانہ میں رکن کونسل کے طور پر ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیر برقی جگدیش ریڈی اور رکن کونسل ایس سبھاش ریڈی نے جناب فرید الدین کو خراج عقیدت پیش کیا۔ سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے جناب فرید الدین کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ساتھ 2004-9 تک کابینہ میں کام کرنے کا موقع ملا۔ وہ ایک عظیم انسان اور باوقار شخصیت تھے۔ ان کا انتقال میرے لئے شخصی نقصان ہے۔ محمد علی شبیر نے جناب فرید الدین کی مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کیلئے دعا کی ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے جناب فرید الدین کے انتقال پر اپنے پیام میں کہا کہ انہوں نے اپنے دور وزارت میں غیر معمولی کام کیا۔ تلنگانہ کے قیام کے بعد ٹی آر ایس کے رکن کونسل کی حیثیت سے ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ ٹی آر ایس نے ایک بہترین قائد کو کھودیا ہے۔ محمد فرید الدین کے انتقال سے مجھے کافی دکھ ہوا ہے۔ وزیر داخلہ نے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی اور پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔ر