سابق چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چوان کی ریونت ریڈی سے ملاقات

   


حیدرآباد ۔2 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مہاراشٹرا کے سابق چیف منسٹر پرتھوی راج چوان نے آج صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ان کی قیامگاہ واقع جوبلی ہلز پر ملاقات کی۔ یہ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔ ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے علاوہ راہول گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کی تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں کامیابی پر بات چیت کی گئی۔ مرکزی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف راہول گاندھی کی یاترا کو عوامی تائید حاصل ہورہی ہے۔ پرتھوی راج چوان نے کہا کہ ملک میں کانگریس پارٹی کے اقتدار کے ذریعہ عوام کو راحت پہنچائی جاسکتی ہے۔ تلنگانہ اور مہاراشٹرا میں بھارت جوڑو یاترا غیر معمولی کامیاب رہی اور کانگریس پارٹی کو مزید استحکام حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کے سی آر حکومت کی پالیسیوں کے خلاف کانگریس کے احتجاج پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ تشکیل دیا تھا تاکہ عوام کو ناانصافیوں سے نجات ملے لیکن گزشتہ 8 برسوں میں صرف کے سی آر خاندان کو علحدہ ریاست کی تشکیل کا فائدہ ہوا ہے۔ انہوں نے پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے احتجاجی پروگراموں کی مکمل تائید کی۔ر