سات گنبدان اور قلعہ گولکنڈہ کے درمیان اوور ہیڈ اسکائی کیبل کار پراجکٹ کو حکومت کی منظوری

   

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اکٹوبر : ( سیاست نیوز ) : سات گنبدوں اور قلعہ گولکنڈہ کے درمیان اوور ہیڈ اسکائی کیبل کار پراجکٹ کی تعمیر کے لیے حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( ایچ ایم ڈی اے ) کو حکومت سے منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ اس ہیری ٹیج ایریا میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے کیبل کار کی تعمیر کی تجاویز ایک عرصہ دراز سے زیر التواء ہے جب کہ ٹورازم ڈپارٹمنٹ نے سال 2021 میں اس کی منظوری دی تھی ۔ ایچ ایم ڈی اے کے مطابق 1.5 کلومیٹر طویل اس روپ وے پراجکٹ کو عوامی خانگی شراکت داری سے تعمیر کیا جائے گا جس سے ایچ ایم ڈی اے پر مالی بوجھ کم ہوگا ۔ ایچ ایم ڈی اے نے ایک فیزیبلٹی اسٹیڈی کے لیے ٹنڈرس طلب کئے تھے جو رئیل اسٹیٹ کنسلٹنسی فرم ، نائٹ رینک کو دیا گیا ہے ۔ یہ کمپنی تین تا چار ماہ میں ایک تفصیلی رپورٹ تیار کرے گی ۔ عہدیداروں نے کہا کہ یہ روپ وے ان دو ہیری ٹیج سائٹس کے درمیان راست راستہ فراہم کرے گا اور سفر میں آسانی پیدا کرے گا ۔ فیزیبلٹی رپورٹ کے بعد ایک تفصیلی پراجکٹ رپورٹ تیار کی جائے گی ۔ اس پراجکٹ کی تخمینہ لاگت تقریبا 100 کروڑ روپئے ہے ۔۔