(AI) سکیورٹی سے لیس نظام کا جلد آغاز،ناکامی پر RTO آفس میں متبادل ٹسٹ کا بھی نظم: محکمہ ٹرانسپورٹ
حیدرآباد، 3 نومبر ]سیاست نیوز[محکمہ ٹرانسپورٹ کے دفاتر کے چکر کاٹنے سے عوام کو راحت فراہم کرنے کے لیے مرکزی حکومت نے سارتھی پورٹل پر ایک نیا اور جدید نظام متعارف کرایا ہے۔ اس سسٹم کے تحت درخواست گزار اب کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ پر چہرے کی شناخت (فیس ریکگنیشن) کے ذریعے گھر بیٹھے آن لائن امتحان دے کر لرنر لائسنس (LLR) حاصل کر سکیں گے۔ ریاستی حکومت نے ‘سارتھی’ پورٹل میں شمولیت کے بعد اس جدید سہولت کو تلنگانہ میں بھی نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، جسے آئندہ ایک ہفتے کے اندر باضابطہ طور پر شروع کر دیا جائے گا۔گھر بیٹھے امتحان دینے کے اس عمل میں نقل یا کسی غیر متعلقہ شخص کی مدد کو روکنے کے لیے پورٹل میں انتہائی مضبوط AI پر مبنی سیکورٹی فیچرز شامل کیے گئے ہیں۔ نئے نظام کے مطابق درخواست گزار محکمہ ٹرانسپورٹ کے پورٹل پر فیس ادا کر کے سلاٹ بک کر سکتے ہیں اور طے شدہ وقت پر گھر سے ہی آن لائن ٹیسٹ میں شرکت کر سکتے ہیں۔ اگر چہرے کی عدم مطابقت یا کسی تکنیکی خرابی کی وجہ سے آن لائن تصدیق ناکام ہو جاتی ہے تو درخواست گزاروں کے لیے آر ٹی او (RTO) آفس میں براہ راست امتحان کا بیک اپ نظم بھی رکھا گیا ہے۔ غیر eKYC درخواست گزار OTP کے ذریعے اور eKYC درخواست گزار بائیو میٹرک (فنگر پرنٹ) کے ذریعے RTO آفس میں افسر کا فراہم کردہ پن نمبر درج کر کے امتحان مکمل کر سکتے ہیں۔آن لائن یا آر ٹی او دفتر میں ٹیسٹ کے اختتام پر نتائج فوری طور پر اسکرین پر ظاہر ہوں گے۔ امتحان کامیابی سے پاس کرنے کی صورت میں سسٹم خود بخود لائسنس کی منظوری دے دے گا، جس کے بعد امیدوار ڈیجیٹل دستخط اور QR کوڈ کے حامل اصل LLR کا PDF ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے۔2