سارقوں کی سہ رکنی ٹولی گرفتار، مسروقہ مال و زر ضبط

   

ملازمین کی مشتبہ نقل و حرکت پر کارروائی ، ڈی سی پی نارائنا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /7 اگست ( سیاست نیوز ) مکانات میں سرقہ کرنے والی ایک تین رکنی ٹولی کو پولیس نے تلاشی مہم کے دوران بے نقاب کردیا ۔ اور تین افراد کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سی سی ایس ملکاجگیری اور کیسرا پولیس نے ایک خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کو انجام دیا ۔ ڈی سی پی مسٹر کے نارائنا نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 22 سالہ بی راجو ساکن کشائی گوڑہ 19 سالہ سمنا عرف شام اور 19 سالہ ایم روی ساکنان میڑچل کو گرفتار کرلیا ۔انہوں نے بتایا کہ راحیل چوراہے کے پاس تلاشی مہم کے دوران پولیس نے ان تینوں کو روک لیا جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھے ۔ پولیس نے گاڑی کے کاغذات اور دیگر تفصیلات طلب کی تاہم ان کی مشتبہ حرکت کو دیکھتے ہوئے پولیس نے انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کیا جہاں انہوں نے پوچھ تاچھ کے دوران اپنے جرم کو قبول کرلیا ۔ ان تینوں نے 9 وارداتیں انجام دیں ۔ ٹولی کی شکل اختیار کرنے سے قبل یہ تینوں علحدہ علحدہ وارداتیں انجام دیتے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے مسروقہ سامان کو ضبط کرلیا ۔ 15 تولہ طلائی زیورات اور 38 تولہ چاندی کے زیورات موٹر سائیکل و دیگر کل 5 لاکھ 70 ہزار سے زائد مالیتی اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ اس ٹولی نے کیسرا میں 5 گھٹکیسر میں تین اور کشائی گوڑہ میں ایک واردات انجام دی ۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا ۔