جام نگر، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک غیرشناخت شدہ شخص کو گجرات کے ضلع جام نگر میں چور ہونے کے شبہ پر سات افراد کے گروپ نے مبینہ طور پر مار مار ہلاک کرڈالا، پولیس نے آج یہ بات کہی۔ میدھپار پولیس اسٹیشن کے عہدہ دار نے بتایا کہ یہ واقعہ اتوار کو موضع موتی کھاؤڈی میں پیش آیا، جس کے بعد تین ملزمین گرفتار کرلئے گئے۔ مہلوک شخص جو ذہنی طور پر غیرمستحکم نظر آیا اور اس کی عمر لگ بھگ 35 سال معلوم ہوئی، اس نے اتوار کی صبح ملزمین کے مکان میں حصار کی دیوار کود کر اور اس کی کھڑکی توڑ کر گھسنے کی کوشش کی۔ پولیس عہدہ دار نے بتایا کہ وہ مکینوں کو گالیاں بکنے لگا جس پر ملزمین نے اس پر سارق ہونے کا شبہ کرتے ہوئے اسے لکڑی اور پلاسٹک کی لاٹھیوں سے خوب پیٹا، حتیٰ کہ وہ برسرموقع مرگیا۔ ملزمین قریب میں واقع ایک پرائیویٹ فیبریکیشن فیکٹر میں سوپروائزرس کے طور پر ملازم ہیں اور کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں۔