سانپوں کو پکڑنے والا شریف سانپ کے کاٹنے سے ہلاک

   

حیدرآباد ۔ 6 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : جہاں بھی سانپ نظر آئے سانپوں کو چالاکی سے پکڑنے والا شخص سانپ کے کاٹنے سے ہلاک ہوگیا ۔ ضلع بھدرا دری کتہ گوڑم کے منگور منڈل میں واقع سمیتی سنگارا کے گاوں سے تعلق رکھنے والا 31 سالہ شریف پیشہ سے الیکٹریشن ہے مگر جہاں بھی سانپ نظر آنے کی اطلاع ملتی وہاں پہونچ کر سانپوں کو پکڑ لیتا ہے ۔ رکشہ کالونی کے بی وینکٹ راؤ کے گھر میں موجود باولی میں منگل کو سانپ نظر آیا جس کی اطلاع شریف کو دی گئی ۔ شریف وہاں فوری پہونچ گیا ۔ سانپ کو باولی سے پکڑ لیا اور تقریبا ایک گھنٹہ تک سڑک پر سانپ کے ساتھ کھیلتا رہا ۔ اسی دوران سانپ نے شریف کے ہاتھ کو کاٹ لیا ۔ جس کی شریف نے کوئی پرواہ نہیں کی اور سانپ کو تھیلے میں ڈال کر جنگل میں چھوڑ دیا ۔ واپسی کے دوران سریکشا بس اسٹانڈ کے پاس اچانک زمین پر گر گیا ۔ مقامی عوام نے اس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ڈاکٹرس نے معائنہ کرنے کے بعد شریف کو مردہ قرار دیا ۔ متوفی کی والدہ کریم النساء کی شکایت پر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ۔ شریف کی موت کی خبر سن کر گاوں میں غم کی لہر دوڑ گئی ۔۔ ن