سبالینکا کے خلاف یو ایس اوپن فائنل کیلئے ریباکینا پرعزم

   

نیویارک، 11 ستمبر (آئی اے این ایس) ایلینا ریباکینا نے کہا ہے کہ دو مرتبہ کی دفاعی یو ایس اوپن چمپئن آرینا سبالینکا کو شکست دینے کی کوشش کے لیے انہیں اپنی تمام تر توانائی میدان میں جھونکنا ہوگا۔ دونوں کھلاڑی اتوارکو یو ایس اوپن کے خطابی مقابلے میں آمنے سامنے ہوں گی۔ نئی عالمی نمبر ایک اور دو مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن ریباکینا کی نظریں اپنے پہلے یو ایس اوپن خطاب پر ہیں اور یہ نیویارک میں ان کا پہلا فائنل بھی ہے۔ انہوں نے سنسنی خیز دوگھنٹے8 منٹ تک جاری رہنے والے سیمی فائنل میں امریکہ کی چوتھی سیڈ کوکو گاف کو ایک سیٹ سے پیچھے رہنے کے باوجود شکست دے کر پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ مجموعی طور پر کسی گرانڈ سلام ٹورنمنٹ کا ان کا چوتھا فائنل ہوگا۔ فائنل کی تیاری کے حوالے سے ریباکینا نے اعتراف کیا کہ سبالینکا کے خلاف انہیں اپنی تمام توانائی کے ساتھ کھیلنا ہوگا۔ سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد پریس کانفرنس میں ریباکینا نے کہا ہم کئی مرتبہ ایک دوسرے کے خلاف کھیل چکی ہیں، اس کے علاوہ ہم نے ایک ساتھ پریکٹس بھی کی ہے۔ وہ ایک انتہائی جارحانہ کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے کہا ذہنی اور جسمانی طور پر ان کے خلاف کھیلنا مشکل ہے کیونکہ ان کا کھیل بہت مضبوط ہے، ان کی سروس بھی بہت زبردست ہے۔ مجھے آرینا کے خلاف اپنی تمام توانائی کے ساتھ میدان میں اترنا ہوگا، اپنی بہترین سروس کرنی ہوگی اور اہم لمحات میں درست فیصلے کرنے ہوں گے، کیونکہ زیادہ تر وقت مقابلہ بہت قریبی اسکور کے ساتھ چلتا ہے اور ایسے موقع پر ایک درست فیصلہ ہی فرق پیدا کرتا ہے۔ریباکینا نے مزید کہا، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، لیکن میں یقینی طور پر اپنی پوری کوشش کروں گی اور اپنی تمام تر توانائی میدان میں جھونک دوں گی۔ ریباکینا اور سبالینکا ڈبلیو ٹی اے ٹور پر18ویں مرتبہ ایک دوسرے کا سامنا کریں گی۔ اب تک سبالینکا نے 10 جبکہ ریباکینا نے 7 مقابلوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔دونوں کھلاڑی کسی گرانڈ سلام کے فائنل میں تیسری مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی۔ اس سے قبل دونوں کے درمیان آسٹریلین اوپن کے دو فائنل کھیلے جاچکے ہیں اور دونوں نے ایک، ایک مرتبہ کامیابی حاصل کی ہے۔ سبالینکا نے 2023 کے آسٹریلین اوپن فائنل میں ریباکینا کو شکست دی تھی، جبکہ ریباکینا نے 2026 کے آسٹریلین اوپن میں سبالینکا کو ہرا کر اس شکست کا بدلہ چکا دیا تھا۔