سبحان بیکری کے عثمانیہ بسکٹ کی عالمی سطح پر شہرت

   

حیدرآبادی پکوانوں کی طرح دنیا بھر میں پسندیدہ ، بیشتر ممالک میں دستیاب
حیدرآباد۔22جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد کی تہذیب و تمدن ‘ تاریخی عمارتیں ‘ پکوان ‘ بالخصوص بریانی اور قوبانی کے علاوہ لباس میں شیروانی نے اس شہر فرخندہ بنیاد کی شناخت عالمی سطح پر جس طرح سے منفرد بناتی ہے اس فہرست میں اب ’سبحان بیکری‘ کے عثمانیہ بسکٹ نے بھی اپنا مقام پیدا کرلیا ہے۔ سبحان بیکری کے بسکٹ اب نامپلی ہی نہیں بلکہ دنیا کے بیشتر ممالک میں دستیاب ہونے لگ جائیں گے اور سبحان بیکری کے دلدادہ شہریان حیدرآباد کو اپنے من پسند بسکٹ یا دم کے روٹ ان کے اپنے مقام پر دستیاب ہونے لگ جائیں گے۔ بیکری صنعت میں چوتھی نسل نے اپنے کاروبار کو نئے انداز میں عالمی سطح پر پہنچانے کی جو منصوبہ بندی کی ہے وہ تجارتی منصوبہ نہیں بلکہ شہر حیدرآباد کی تہذیب کا حصہ بسکٹ کو اس کے شائقین تک پہنچانے کی کوشش ہے جو کہ بڑی حد تک کامیاب ہوتی نظر آرہی ہے۔ 1950میں قائم کی گئی سبحان بیکری اپنے آغاز سے ہی بدلتے رجحانوں کے ساتھ خود کو تبدیل کرتی آئی ہے لیکن ذائقہ میں کسی قسم کی تبدیلی یا نیاپن پیدا کرنے کی کوشش کے بجائے اپنے بیکری اشیاء کی انفرادیت کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔سبحان بیکری میں اشیاء کی تیاری اور فروخت کی نگرانی کرنے والی چوتھی نسل کے ذمہ دارسید لقمان ‘ سید ریحان اور سید عفان نے بتایا کہ وہ اپنے اس آبائی کاروبار کو نئی بلندیوں پر لیجانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں لیکن وہ تجارتی ترقی کے لئے اپنے معیار میں کسی بھی طرح کا سمجھوتہ کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں کیونکہ اکثر تجارتی ترقی کی کوشش کے دوران معیار پر سمجھوتہ کیا جاتا ہے جو کہ اصولوں کے خلاف ہے۔نئی نسل سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی اس فکر سے اندازہ ہوتا ہے کہ وہ محض اپنے تجارتی فائدہ کے لئے صنعتی اصولوں سے انحراف کے لئے قائل نہیں ہیں بلکہ اپنی بیکری میں تیار ہونے والی اشیاء کو ان کے معیار کے مطابق دنیا کے مختلف ممالک تک پہنچانا چاہتے ہیں۔ جناب سید عرفان نے نئی نسل کی اس فکر کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد جناب سید سبحان اور دادا جناب سید عبدالقادر نے سبحان بیکری کے اشیاء کی جو انفرادیت برقرار رکھی تھی وہ فکر نئی نسل میں نظر آرہی ہے اور وہ اپنے اصولوں پر برقرار رہتے ہوئے سبحان بیکری کے اشیاء کو پسند کرنے والوں تک پہنچنا چاہتے ہیں۔ سید عفان‘ سید ریحان اور سید لقمان نے بتایا کہ سبحان بیکری کے مخصوص اشیاء میں دم کے روٹ‘ عثمانیہ بسکٹ‘ پلم کیک‘ وکٹوریہ کیک‘ پیسٹری ‘ کے علاوہ ملک بریڈ اور دیگر اشیاء ہیں جو کہ شہریان حیدرآباد کی مرغوب اشیائے تغذیہ میں شامل ہیں۔ شہر حیدرآباد میں ناشتہ کی غذائیں معیاری خانوادوں میں بیکری کی اشیاء ہوا کرتی تھیں اور وہ ناشتہ میں ٹوسٹ ‘ بریڈ ودیگر اشیاء کا استعمال کیا کرتے تھے۔ جناب سید عرفان نے بتایا کہ سبحان بیکری کے بیشتر اشیاء کو لوگ بے انتہاء پسند کرتے ہیں اور نہ صرف ہندستان بلکہ بیرون ملک بھی اپنے احباب و رشتہ داروں کے پاس بطور تحفہ یہ سبحان بیکری کے اشیاء روانہ کرتے ہیں ۔ م