سدابہار اداکار دیوآنند نے ناظرین کے دلوں پر راج کیا

   

ممبئی : ہندستانی سنیما میں تقریباً 6 دہائیوں تک مداحوں کے دلوں پر حکومت کرنے والے معروف اداکار، ہدایت کار اور فلمساز دیو آنند کو اپنے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے سخت مشقت کرنی پڑی تھی۔ پنجاب کے گرداس پور میں 26 ستمبر 1923 کو ایک متوسط گھرانے میں پیدا ہوئے دھر دیو پشوری مل آنند عرف دیو آنند نے انگریزی ادب میں اپنی گریجویٹ کی تعلیم 1942 میں لاہور کے مشہور گورنمنٹ کالج سے مکمل کی۔ دیو آنند نے طے کیا کہ اگر نوکری ہی کرنی ہے تو کیوں نہ فلم انڈسٹری میں قسمت آزمائی جائے ۔ سال 1943 میں اپنے خوابوں کی تعبیر کیلئے جب وہ ممبئی پہنچے۔ نوکیتن کے بینر تلے سال 1950 میں فلم افسر بنائی اسکے بعد 1951 میں انہوں نے فلم بازی بنائی۔ فلم افسر کے دوران دیو آنند کی رغبت اداکارہ ثریا سے ہوگئی۔ ایک گانے کی شوٹنگ کے دوران دیو آنند اور ثریا کی کشتی پانی میں ڈوب گئی۔ دیو آنند نے ثریا کو ڈوبنے سے بچایا اس کے بعد ثریا دیو آنند سے بے انتہا محبت کرنے لگیں۔ لیکن ثریا کی نانی کی اجازت نہ ملنے پر یہ جوڑی شادی کی دہلیز تک نہ پہنچ سکی۔ سال 1954 میں دیو آنند نے اپنے زمانے کی مشہور فلم اداکارہ کلپنا کارتک سے شادی کرلی۔ دیوآنند نے ہالی ووڈ کے تعاون سے ہندی اور انگریزی دونوں زبانوں میں فلم گائیڈ بنائی، جو دیو آنند کے فلمی کریئر کی پہلی رنگین فلم تھی۔ اس فلم کے لئے دیو آنند کو ان کی عمدہ اداکاری کے لئے بہترین اداکار کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ بطور ہدایت کار دیو آنند نے کئی فلمیں بنائیں۔ ان فلموں میں 1950 میں فلم افسر کے علاوہ ہم سفر، ٹیکسی ڈرائیور، ہاؤس نمبر 44، فنٹوش، کالا پانی، کالا بازار، ہم دونوں، تیرے میرے سپنے ، گائیڈ، اور جوئیل تھیف شامل ہیں۔ سال 1970 میں ان کی فلم پریم پجاری ریلیز ہوئی۔ حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب نہیں ہوسکی۔ اس کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری۔ ایک سال بعد 1971 میں فلم ہرے راما ہرے کرشنا کی کامیابی کے بعد انہوں نے ہیرا پنّا، دیس پردیس، لوٹ مار، سوامی دادا، سچے کا بول بالا اور اول نمبر سمیت کئی فلموں کی ہدایت کاری کی۔ دیو آنند کو اداکاری کے لئے دو مرتبہ فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا ۔ 2001 میں ایک طرف جہاں دیو آنند کو ہندستان کی جانب سے پدم بھوشن سے نوازا گیا وہیں 2002 میں ہندی سنیما میں بہترین خدمات کے پیش نظر انہیں دادا صاحب پھالکے ایوراڑ سے بھی سرفراز کیا گیا۔ اپنی فلموں سے ایک خاص پہچان بنانے والا یہ عظیم اداکار 3 دسمبر 2011 کو اس دنیاسے رخصت ہوگیا۔