بنگلورو : کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی نے کانگریس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر اعلیٰ سدارامیا پر انڈے سے کئے گئے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظریاتی اختلافات کا اظہار جسمانی طور پر نہیں کیا جانا چاہئے ۔ بومئی نے ٹویٹ کرکے کہا کہ سدارامیا اپوزیشن پارٹی کے لیڈر ہیں جن کی اپنی الگ اہمیت ہے ۔ اگر کسی کے نظریات سے اختلاف ہے تو اس کا جواب مضبوط دلائل سے دینا چاہئے جسمانی عمل سے نہیں اور سب کو اس پر عمل کرنا چاہیے ۔ بومئی کا یہ بیان اس واقعہ کے ایک دن بعد آیا جب کوڈاگو ضلع میں مظاہرین نے سدارامیا کی گاڑی پر انڈے پھینکے اور مجاہد آازادی ویر ساورکر کی تصویریں لہرائیں۔ سدارامیا بارش سے ہونے والے نقصان کا جائزہ لینے کے لئے کوڈاگو گئے تھے۔ مظاہرین نے سدارامیا کو ہندو مخالف قرار دیتے ہوئے ان کی کار پر انڈے پھینکے ،جس کے نتیجے میں کانگریس کے کارکنوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ ہوئی۔واضح رہے کہ سدارامیا کو مڈیکیری میں بھی اسی طرح کے احتجاج کا سامنا کرنا پڑا، جہاں بی جے پی اور کانگریس کے کارکنوں نے ایک دوسرے پر انڈے پھینکے ۔