سدارامیا پھر ہونگے کرناٹک کے چیف منسٹر‘شیو کمار ڈپٹی چیف منسٹر

,

   

نئی دہلی: کرناٹک کا نیا وزیر اعلیٰ کون ہوگا اس سوال کا جواب مل گیا اور پانچ دنوں سے جاری تجسس بھی ختم ہوگیاہے۔ کانگریس کے تجربہ کار قائد سدارمیا کرناٹک کے پھر چیف منسٹرٰ بنیں گے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق ریاستی کانگریس کے سربراہ ڈی کے شیو کمار ان کے نائب ہوں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے پارٹی کے سینئر قائدین اور کرناٹک کے دونوں لیڈروں کے ساتھ ملاقاتوں کے بعد اعلان کیا کہ سابقہ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر سدارمیا جنوبی ریاست کرناٹک کے اگلے نئے وزیر اعلیٰ ہوں گے اور شیوکمار کو ریاست کا نائب وزیر اعلیٰ بنایا جائے گا۔ پارٹی کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان جمعرات کو شام 7 بجے بنگلورو میں کانگریس قانون ساز پارٹی (سی ایل پی) کے اجلاس میں کیا گیا۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ حلف برداری کی تقریب بنگلورو میں 20 مئی کو دوپہر میں منعقد ہوگی۔پارٹی کے 81 سالہ سربراہ کھرگے نے پارٹی کے سابق سربراہ راہول گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور پارٹی کرناٹک یونٹ کے انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا کے علاوہ کرناٹک کے دونوں لیڈران سے لگاتار بات چیت کی اور آخر میں اپنا فیصلہ سنا دیا۔خیال رہے کہ حال ہی میں ختم ہونے والے کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے 224 میں سے 135 سیٹیں جیتی تھیں جبکہ حکمراں بی جے پی کو 66 اور جے ڈی ایس کو 19 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔ نتائج کے اعلان کے بعد سے چیف منسٹر کے انتخاب پر مسلسل تجسس برقرار رتھا کیونکہ سدا رامیا اور ڈی کے شیو کمار دونوں ہی چیف منسٹر کے عہدہ کے لئے دعویدار تھے۔ بنگلورو اور دہلی میں پارٹی کے سینئر قائدین کی دونوں لیڈروں سے مسلسل بات چیت کے بعد آج اس کا فیصلہ ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی لیڈر راہل گاندھی نے بھی اس بات کی تائید کی ہے کہ جس لیڈر کو زیادہ سے زیادہ ایم ایل ایز کی حمایت حاصل ہو، اسے وزیر اعلیٰ منتخب کیا جائے۔
کرناٹک میں ہفتہ کو حلف برداری تقریب
7 ممتا، نتیش اور اسٹالن سمیت کئی سرکردہ قائدین کو تقریب میں شرکت کی دعوت!
7 اوڈیشہ کے چیف منسٹر نوین پٹنائک اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کے سی آر کو مدعو نہیں کیا گیا

بنگلورو:کرناٹک اسمبلی انتخاب میں زبردست کامیابی حاصل کرنے کے بعد کانگریس اب ریاست میں وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب کو لے کر تیاریوں میں مصروف ہو گئی ہے۔ پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے صلاح و مشورہ کے بعد سدارمیا کو وزیر اعلیٰ اور ڈی کے شیوکمار کو نائب وزیر اعلیٰ بنانے کا اعلان کیا ہے، اور اس کے ساتھ ہی یہ بھی صاف کر دیا گیا ہے کہ حلف برداری تقریب 20 مئی یعنی ہفتہ کے روز منعقد ہوگی۔کرناٹک کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں شامل ہونے کے لیے کانگریس نے سونیا گاندھی، راہول گاندھی، پرینکا گاندھی کو خاص طور پر مدعو کیا ہے۔ ان کے علاوہ چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل، راجستھان کے وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کو بھی دعوت نامہ بھیجا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق کانگریس نے اپوزیشن اتحاد کو مضبوط بنانے کے مقصد سے ہم خیال پارٹیوں کے سرکردہ لیڈران کو بھی وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں شرکت کے لیے دعوت نامہ بھیجا ہے۔ ان میں جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین، تمل ناڈو کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، سماجوادی پارٹی چیف اکھلیش یادو، این سی پی چیف شرد پوار، مہاراشٹر اکے سابق وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے، بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار، بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو اور نیشنل کانفرنس کے سربراہ فاروق عبداللہ وغیرہ شامل ہیں۔ اطلاعات کے مطابق نوین پٹنایک کی پارٹی بی جے ڈی اور کے سی آر کی پارٹی بی آر ایس سے کسی کو بھی مدعو نہیں کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں عام آدمی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی سے کسی کو مدعو کیا جائے یا نہیں، اس سلسلے میں ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ حالانکہ ان کے علاوہ سبھی ہم خیال پارٹیوں کے اہم لیڈران کو دعوت نامہ بھیج دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ کرناٹک کانگریس انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے وزیر اعلیٰ کے نام کا اعلان کرتے وقت ہی کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ کی حلف برداری تقریب میں ہمارے سبھی ساتھیوں کو مدعو کیا جائے گا۔ انھوں نے کہا تھا کہ جو لوگ جمہوریت کے لیے لڑنا چاہتے ہیں اور آئین کو بچانا چاہتے ہیں، وہ اس تقریب میں شامل ہو سکتے ہیں۔