سدی پیٹ میں مریضوں کیلئے کھانے کے نظم پر رکاوٹ

   

اتحاد فاؤنڈیشن کے اقدام کو روکنے پر غریبوں کو مایوسی ہوئی : سید عتیق احمد
سدی پیٹ۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سرزمین سدی پیٹ پر گذشتہ 207 یوم سے بلا ناغہ اتحاد فاونڈیشن کی جانب سے سرکاری دواخانہ سدی پیٹ کے قرب میں بیماروں اور ان کی عیادت میں شریک افراد کیلئے بغیر تفریق مذہب و ملت بھوکوں کو کھانا کھلانے کا نظم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس فلاحی کام سے اہلیان سدی پیٹ کا سر فخر سے بلند ہورہا ہے اور اس امر کو دیکھ کر بہت سے لوگوں کو خوشی ہورہی ہیکہ مزید اس کارخیر میں اضافہ ہو جائے تاکہ راستہ چلنے والے راہگیروں، مسافروں، ضروتمندوں، جھونپڑی کے مکینوں تک اس کارخیر کو وسعت دی جائے ۔ گذشتہ چند دنوں سے اتحاد فاونڈیشن کے متعلق پولیس میں نامعلوم افراد کی جانب سے شکایت درج کی گئی کہ وہ اس کار خیر کو بند کردے مزید پولیس سے یہ بھی دھمکی دی جارہی ہے کہ کھانا جو کھلایا جارہا ہے اس میں نقائص ہیں ناقص کھانا مریضوں و ضروتمندوں کو کھلایا جارہا ہے جس سے انکی صحت بگڑنے کے در پر ہے۔ واضح ہو کہ اتحاد فاونڈیشن روزانہ ہمہ قسم کے پکوانوں سے غریب عوام کا پیٹ بھرتی ہے جس میں حسب معمول بریانی، ڈبل کا میٹھا و دیگر لوازمات پکائے جاتے ہیں۔ اتحاد فاونڈیشن کے بانی و سربراہ سید عتیق احمد نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اتحاد فاونڈیشن کے امور سے عوام انتہائی خوش ہیں ۔ سید عتیق احمد نے کہا کہ فاونڈیشن کے عزائم و امور کو روکنا گویا غریب کے پیٹ پر مارنے کے برابر ہوگا۔