سرائے کالے خان ٹی۔جنکشن پر فلائی اوور بنایا جائے گا:سیسوڈیا

   

نئی دہلی: دہلی حکومت نے سرائے کالے خان ٹی۔ جنکشن کو جام سے پاک بنانے کے لیے آئی ٹی او سے آشرم جانے والی گاڑیوں کے لیے 550 میٹر طویل تین لین فلائی اوور بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ اور تعمیرات عامہ کے وزیر منیش سیسوڈیا نے منگل کو 65.55 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والے اس فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھا۔ اس موقع پر سیسوڈیا نے کہا کہ رنگ روڈ پر سرائے کالے خان ٹی جنکشن نئے فلائی اوور کی تعمیر سے سگنل فری کوریڈور بن جائے گا، جس سے مسافروں کے وقت کی بچت ہوگی اور ایندھن کی کھپت میں بھی کمی ہوگی۔ فلائی اوور کی تعمیر سے رنگ روڈ پر ٹریفک کی روانی میں آسانی رہے گی۔ اس کے علاوہ روزانہ پانچ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں بھی کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ اس سے لوگوں کو سالانہ 19 کروڑ روپے کی بچت ہوگی اور اس منصوبے کی کل لاگت صرف ساڑھے تین سال میں نکل آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ 550 میٹر طویل یہ تین لین فلائی اوور ایک سال میں تیار ہو جائے گا۔