71سالہ اداکار سے سیاست داں بنے قائد کورونا سے متاثر تھے
چنائی: اداکار سے سیاستدان بنے کیپٹن وجے کانت کا 71 سال کی عمر میں دیہانت ہو گیا ہے۔ کیپٹن وجے کانت ٹاملناڈو کی سیاسی جماعت ڈی ایم ڈی کے (دیسیا مرپوکو دراوڑ کزگم) کے سربراہ تھے اور کورونا سے متاثر پائے جانے کے بعد چنائی کے ایک ہاسپٹل میں وینٹی لیٹر سپورٹ پر رکھے گئے تھے۔ہاسپٹل (ایم آئی او ٹی انٹرنیشنل) جہاں وجے کانت زیر علاج تھے، نے پریس کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ نمونیا ہونے کے بعد کانت کو ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا۔ طبی عملہ کی ہر ممکن کوشش کے باوجود انہیں بچایا نہیں جا سکا۔ 28 دسمبر کی صبح ان کا دیہانت ہو گیا۔کیپٹن وجے کانت کے جسد خاکی کو ہاسپٹل سے ان کی رہائش گاہ پر لایا گیا جہاں ان کے چاہنے والے ان کا آخری دیدار کریںگے۔ خیال رہے کہ وجے کانت ایک مشہور ٹامل اداکار تھے اور لوگ انہیں پیار سے کیپٹن کہتے تھے۔ ان کا فلمی کیریئر شاندار تھا۔ سیاست میں آنے سے پہلے انہوں نے 154 فلموں میں کام کیا تھا۔ نادیگر سنگم، جسے آفیشل طور پر ساؤتھ انڈین آرٹسٹ ایسوسی ایشن کے نام سے جانا جاتا ہے، میں عہدے پر رہتے ہوئے وجے کانت نے جنوبی فلم انڈسٹری میں انقلابی تبدیلیاں لائی کی تھیں۔