یوروپین طرز پر تعمیر کردہ تاریخی عمارت کی تزئین نو کے لیے خصوصی اقدامات
حیدرآباد ۔ 26 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد کے پرانے شہر میں یوروپین طرز پر تعمیر کیا گیا سردار محل ایک تاریخی عمارت ہے ۔ حکومت نے اس خوبصورت و عالیشان عمارت کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے لیے 30 کروڑ روپئے منظور کئے ہیں ۔ پرانے شہر بالخصوص 400 سالہ تاریخی چارمینار کے قریب کئی ایک تاریخی عمارتیں ہیں ۔ ان میں ایک سردار محل بھی ہے ۔ جو سال 1900 میں تعمیر کیا گیا ہے ۔ کچھ عرصہ قبل ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے اس تاریخی عمارت کا معائنہ کیا تھا اور سیاحوں کی سہولت کے لیے سردار محل کو فائیو اسٹار میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس پر کوئی عمل آوری نہیں ہوئی ۔ حکومت کی عدم توجہ کے باعث یہ عمارت مخدوش اور خستہ حالت کا شکار ہوگئی ۔ حکومت نے حال ہی میں تاریخی عمارتوں اور ورثہ کا تحفظ کرنے اور اس کی عظمت رفتہ بحال کرنے کی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ اس فہرست میں سردار محل عمارت کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔ کے ٹی آر کی ہدایت پر محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپل سکریٹری اروند کمار نے چارمینار کے دامن میں واقع سردار محل کی تاریخی عمارت کی عظمت رفتہ بحال کرنے کے اقدامات کا آغاز کیا ہے ۔ تاریخی سردار محل عمارت کی تعمیر و حرمت کے لیے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ محکمہ بلدی نظم و نسق نے اس عمارت میں ثقافتی مرکز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ترقیاتی کاموں کے لیے 30 کروڑ روپئے بھی مختص کئے ہیں حکومت کی جانب سے مشہور آرکیٹکٹس اور ماہرین انجینئرس کی تجاویز بھی حاصل کی جارہی ہے ۔ ن