ممبئی، 24 ستمبر (یو این آئی) گھریلو اسٹاک مارکٹوں میں آج زبردست گراوٹ سے سرمایہ کاروں کو 2,71,868 کروڑ کا نقصان ہوا۔ بی ایس ای کی معلومات کے مطابق، آج کاروبار کے اختتام پر کمپنیوں کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن 4,82,29,486 کروڑ روپے رہی۔ چہارشنبہ کو بند ہونے پر یہ 4,85,01,354 کروڑ روپے تھا۔ یہ ایک دن میں 2,71,868 کروڑ کی کمی کو ظاہر کرتا ہے ۔ فروخت کے وسیع دباؤ کے تحت، بی ایس ای سینسیکس آج 1,247.71 پوائنٹس گر کر ساڑھے تین ماہ کی کم ترین سطح پر بند ہوا۔ نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی 50 انڈیکس بھی 383.70 پوائنٹس یا 1.64 فیصد گر کر ساڑھے پانچ ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا۔ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں کمی کا نصف سے زیادہ حصہ 10 بڑی کمپنیوں کا ہے ۔ ان کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن Rs87,61,970 کروڑ سے کم ہو کر Rs86,16,093 کروڑ ہوگئی، جو Rs1,45,877 کروڑ کی کمی ہے ۔
خام تیل میں تیزی سے روپیہ 26 پیسے کمزور
ممبئی، 24 ستمبر (یو این آئی) خام تیل کی قیمتوں میں تیزی کے باعث بینکوں کے درمیان کرنسی بازار میں جمعرات کو روپیہ 26 پیسے کمزور ہو گیا اور کاروبار کے اختتام پر ایک ڈالر کی قیمت 95.99 روپے درج کی گئی۔ ہندوستانی کرنسی میں یہ مسلسل دوسری گراوٹ ہے ۔ کل روپیہ 11 پیسے گر کر 95.73 روپے فی ڈالر پر رہا تھا۔ روپے پر آج ابتدا ہی سے دباؤ رہا۔ یہ 11 پیسے گراوٹ کے ساتھ 95.84 روپے فی ڈالر پر کھلا۔ دورانِ کاروبار یہ بڑھ کر95.80 روپے فی ڈالر تک پہنچا۔ تاہم بعد میں ڈالر کی طلب بڑھنے سے یہ گر کر 95.99 روپے فی ڈالر تک پہنچ گیا اور اسی سطح پر کاروبار بند ہوا۔ بین الاقوامی سطح پر خام تیل اور ڈالر میں تیزی کے باعث روپیہ دباؤ میں رہا۔