سرنگ حادثہ میں 8 مزدوروں کی موت

   

ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ کا اعلان، 4 نعشوں کی نشاندہی، ماباقی 4 کا آج پتہ چل جائے گا
حیدرآباد یکم : مارچ (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ایکسائز و سیاحت جو پلی کرشنا راؤ نے اعلان کیا کہ سرنگ میں پھنسے 8 مزدوروں کی موت واقع ہوگئی ہے۔ آج صبح سرنگ حادثہ کے مقام پر وزراء اتم کمار ریڈی، جو پلی کرشنا راؤ، چیف سکریٹری شانتی کماری نے پہنچ کر راحت کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اسمبلی حلقہ اچم پیٹ کے کانگریس رکن اسمبلی ومشی کرشنا بھی موجود تھے ۔ ریاستی وزیر جوپلی کرشنا راؤ نے کہا کہ سرنگ حادثہ کے راحت کاری اقدامات میں کوئی غفلت نہیں برتی گئی۔ حکومت کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے گئے۔ گزشتہ 8 دن سے 12 ریسکیو ٹیمس راحت کاری کے اقدامات میں مصروف ہیں۔ عصری ٹکنالوجی کے ذریعہ تلاشی پر پتہ چلا کہ 8 مزدور اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے۔ وہ 99 فیصد یہ کہہ سکتے ہیں کہ مزدور فوت ہوچکے ہیں۔ صرف ایک فیصد کچھ کہا نہیں جاسکتا ۔ 4 مزدوروں کی نعشیں کیچڑ میں 3 فیٹ اندر ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے۔ کل تک مزید 4 نعشوں کی نشاندہی کرلی جائے گی۔ چند گھنٹوں میں یہ آپریشن مکمل ہو جائے گا۔ بہت جلد تمام نعشوں کو باہر لالیا جائے گا۔ مزدوروں کو بچانے حکومت سے ہر ممکنہ کوشش کی گئی لیکن اپوزیشن کی جانب سے غفلت اور لاپرواہی کرنے کا حکومت پر جو الزام عائد کیا جارہا ہے وہ بے بنیاد ہے اس میں کوئی سچائی نہیں ہے۔ سرنگ میں بور مشین سے کٹ کرکے راحت کاری اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اپوزیشن جماعتیں من مانی الزامات عائد کررہی ہیں جس پر جوپلی کرشنا راؤ نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس مقام پر حادثہ پیش آیا ہے وہاں 9.2 میٹر بلندی پر کیچڑ بھرا ہوا ہے۔ اس کو ہٹاکر نعشوں کو تلاش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان راحت کاری کاموں میں این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، آرمی ، نیوی، سنگارینی، ریاڈ ہول، مینارس، ریلوے ریسکیو ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ رکن اسمبلی ومشی کرشنا نے کہا کہ سرنگ حادثہ میں 8 مزدوروں کا ہلاک ہوجانا افسوسناک ہے۔ راڈار کے ذریعہ پتہ چلا کہ 4 نعشیں ایک ہی جگہ موجود ہیں۔ وہاں کھدائی کا کام جاری ہے۔ کل دوپہر تک دوسری نعشوں کا بھی پتہ چل جانے کا قوی امکان ہے۔ 2