سرکاری اجناس کی بلیک مارکیٹنگ پر چار افراد گرفتار

   

بھولکپور اور چھاونی ناد علی بیگ میں محکمہ سیول سپلائز و ٹاسک فورس کی کارروائی
حیدرآباد ۔ /10 جنوری (سیاست نیوز) عوامی نظام تقسیم میں بدعنوانیوں کے دو معاملات شہر میں منظر عام پر آئے ۔ علاقہ مشیرآباد بھولک پور اور چھاؤنی نادعلی بیگ میں محکمہ سیول سپلائیزکے عہدیداروں اور ٹاسک فورس پولیس کی مشترکہ کارروائی میں سرکاری اجناس کی بلیک مارکٹنگ میں ملوث چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے بموجب سیول سپلائیز عہدیداروں نے بھولکپور رام نگر اور مشیرآباد میں 29 سالہ محمد حسین ، 22 سالہ سید شجاعت علی اور 24 سالہ محمد توفیق حسین کو اس وقت رنگے ہاتھوں پکڑلیا جب وہ سرکاری غذائی اجناس غیرقانونی طور پر منتقل کررہے تھے ۔ ذرائع نے بتایا کہ گرفتار افراد کرناٹک کے ضلع بیدر میں 9 روپئے فی کیلو سرکاری چاول حاصل کرتے ہوئے اسے پڑوسی ریاست میں 12 روپئے فی کیلو فروخت کررہے تھے ۔ پولیس نے ان کے قبضے سے 25 کنٹل چاول اور اجناس کی منتقلی میں استعمال کئے جانے والے ٹاٹا ایس آٹو کو ضبط کرلیا ۔ اسی قسم کی ایک اور کارروائی میں سیول سپلائیز عہدیداروں نے پرانے شہر کے علاقے چھاؤنی ناد علی بیگ میں واقع ایک مکان پر دھاوا کرتے ہوئے ایک شخص کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 6.5 کنٹل چاول اور 3.75 کنٹل گیہوں ضبط کرلیا ۔ گرفتار افراد کے خلاف ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے اور ان کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے ۔