سرکاری اراضی کو نقلی دستاویزات کے ذریعہ فروخت کرنے کی کوشش ناکام

   

تین افراد گرفتار ، سازشی مفرور ، ڈی سی پی سی ایچ سرینواس کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : سائبر آباد پولیس نے سرکاری اراضی کو فروخت کرنے کی کوشش کو ناکام بنادیا اور فرضی جی اوز اور نقلی دستاویزات کے علاوہ تین افراد کو گرفتار کرلیا جب کہ مزید سازشی مفرور بتائے گئے ہیں ۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر پولیس شیرلنگم پلی زون مسٹر سی ایچ سرینواس نے بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ تحصیلدار گنڈی پیٹ منڈل سرینواس ریڈی کی شکایت پر کارروائی کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ این راجیش گوڑ ، این وینو گوپال اور این سائی کرن کو گرفتار کرلیا گیا جب کہ بی رمیش ، برہما نائیڈو ، سنیل ، رادھا کرشنا اور دیگر مفرور ہیں ۔ سروے نمبر 18 گنڈی پیٹ میں واقع سرکاری اراضی پر اپنا ناجائز حق جتاتے ہوئے چند افراد دشرتھ نامی شخص کی اولاد نے عدالت سے مسئلہ کو رجوع کیا اور اس سرکاری اراضی پر ناجائز حق جتاتے ہوئے اس پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کیا لیکن عدالت نے بھی انہیں خارج کردیا اور اراضی کے سرکاری ہونے کی تصدیق کردی ۔ جس کے بعد مفرور برہمانائیڈو بی رمیش اور دیگر نے فرضی دستاویزات یہاں تک کہ فرضی جی او کو تیار کرتے ہوئے اس اراضی کو فروخت کرنے کی سازش کی ۔ تحصیلدار کی شکایت کے بعد پولیس سائبر آباد نے حکمت عملی تیار کی ۔ سائبر کرائم ، اکنامک ایفنس وینگ اور نارسنگی پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اس سازش کو بے نقاب کیا اور 10 ایکر اراضی کو بچالیا ۔ پولیس مفرور ملزمین کی تلاش میں مصروف ہے ۔۔ ع m/b