سرکاری اردو میڈیم اسکولس اسٹاف کو ہاف ڈے گھر جانے کی اجازت دی جائے

   

کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو جناب عامر علی خاں کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 28 ۔ فروری (سیاست نیوز) رکن قانون ساز کونسل جناب عامر علی خاں نے کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کے اسٹاف کو رمضان المبارک کے دوران ہاف ڈے سے گھر جانے کی اجازت دینے کی خواہش کی۔ جناب عامر علی خاں نے مکتوب میں کہا کہ سرکاری اسکولوں کے اسٹاف کی جانب سے انہیں نمائندگی موصول ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران انہیں مقررہ وقت سے قبل گھر جانے کی اجازت دی جائے تاکہ وہ عبادات بہتر طور پر انجام دے سکیں۔ اب جبکہ 2 مارچ سے رمضان المبارک کا آغاز ہورہا ہے ، لہذا سابق کی طرح سرکاری اردو میڈیم اسکولوں کے اسٹاف کو آدھے دن سے گھر جانے کی اجازت دی جائے۔ سرکاری اسکولوں کے اسٹاف نے جناب عامر علی خاں سے ملاقات کرتے ہوئے گزشتہ برسوں کی طرح اس سال بھی جلد گھر جانے کی سہولت کیلئے نمائندگی کی اپیل کی۔ جناب عامر علی خاں نے کمشنر و ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے اس سلسلہ میں ضروری کارروائی پر زور دیا۔ واضح رہے کہ حکومت نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری ملازمین کو ایک گھنٹہ قبل گھر جانے کی اجازت دی ہے جبکہ سرکاری اردو میڈیم اسکولوں کے اسٹاف کے لئے ہاف ڈے سے چھٹی کے احکامات جاری نہیں کئے گئے ۔1