8 جنوری سے 40 دن تک ہر اتوار کو خصوصی کلاسیس اور امتحانات کا انعقاد
حیدرآباد ۔ 31 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : محکمہ تعلیم نے ریاست کے سرکاری اسکولس میں زیر تعلیم 10 ویں جماعت کے طلبہ کو 8 جنوری سے ہر اتوار کو خصوصی امتحانات منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ دسویں جماعت میں زیر تعلیم طلبہ کو سالانہ امتحانات کی تیاری کرنے میں مدد حاصل ہوسکے اور وہ بہتر سے بہتر مظاہرہ کرسکیں ۔ اس سلسلہ میں ریاستی کونسل آف ایجوکیشنل ریسرچ اینڈ ٹریننگ کے ڈائرکٹر رادھا ریڈی نے ریاست کے تمام ڈی ای اوز کو احکامات جاری کئے ہیں ۔ ماضی میں ضلعی عہدیداروں کی جانب سے دسویں جماعت کے طلبہ کیلئے اسپیشل کلاسیس کا اہتمام کرتے ہوئے سالانہ امتحانات کی منصوبہ بندی کی جاتی رہی ہے ۔ ریاست بھر میں اب ہر اتوار کو امتحان منعقد کرنے کی پہلی مرتبہ حکمت عملی تیار کی گئی ہے ۔ واضح رہیکہ 3 اپریل سے دسویں جماعت کے سالانہ امتحانات کا آغاز ہورہا ہے ۔ چنانچہ 3 جنوری سے 10 مارچ تک 40 دن خصوصی کلاسیس لینے کا حکم جاری کیا گیا ہے ۔ ان دنوں میں روزانہ صبح 8-30 بجے سے 9-30 بجے اور شام 5 بجے سے 6 بجے تک کلاسیس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ روزانہ دو مضامین پڑھائے جائیں گے اور ہر اتوار و دوسرے ہفتہ کو امتحانات کا انعقاد کیا جائے گا ۔ فروری میں پری فائنل 1 امتحان اور مارچ میں پری فائنل 2 امتحان کا انعقاد کیا جائے گا۔ ساتھ ہی ہفتہ کے آخر میں امتحانات صبح 9 تا 11 بجے اور 11 تا دوپہر 1بجے تک منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔۔ ن