7289 کروڑ سے 12 مختلف ترقیاتی کام، ضلع کلکٹرس کیلئے رہنمایانہ خطوط
حیدرآباد۔/31 جنوری، ( سیاست نیوز) ریاست کے سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت نے یکم فروری سے ’میرا گاؤں۔ میرا اسکول‘ کے عنوان سے مہم کا آغاز کیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت 7289 کروڑ کے خرچ سے سرکاری اسکولوں میں 12 مختلف سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکیم پر عمل آوری کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے تحت عمارتوں کی تعمیر و مرمت، آہک پاشی، کمپاونڈ وال کی تعمیر، فرنیچر کی دستیابی، ڈیجیٹل کلاسیس، سولار پیانلس، اضافی کلاسیس، ٹائیلٹس تعمیر اور پانی کی سربراہی جیسے امور کی تکمیل کی جائے گی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سرکاری اسکولوں میں انفرااسٹرکچر سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے عہدیداروں کو ہدایات جاری کی ہیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکیم پر عمل آوری کی تفصیلات جاری کی گئیں جن میں کہا گیا ہے کہ اسکولوں میں گرین بورڈ کے علاوہ ڈائننگ ہال تعمیر کئے جائیں گے۔ حکومت نے سرکاری اسکولوں کی حالت کا جائزہ لینے کے بعد بنیادی سہولتوں کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت سرکاری اسکولوں کو کارپوریٹ طرز پر ترقی دینا چاہتی ہے۔ ضلع کلکٹرس کی نگرانی میں سہولتوں کو فراہم کیا جائے گا۔ مہم پر عمل آوری کیلئے روزانہ کی سطح پر جائزہ اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔ اس مہم میں ضلع کے وزراء، ارکان اسمبلی اور دیگر عوامی نمائندے شرکت کریں گے۔ ضلع کلکٹرس کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ سرکاری اسکولوں میں برقی، آبرسانی کی سہولتوں کے علاوہ سرسبزی و شادابی کے پروگرام پر توجہ دیں۔ 12 مختلف سہولتوں کے سلسلہ میں ضلع کلکٹرس کو رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے۔ر