سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتیں بہتر بنانے 7 ہزار کروڑ کا خرچ

   

آئندہ تعلیمی سال سے انگلش میڈیم ، تلنگانہ اسمبلی میں وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔11۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوںکو بہتر بنانے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے میرا گاؤں میرا اسکول اسکیم متعارف کی ہے۔ عوامی نمائندوں کو اس مہم میں حصہ لیتے ہوئے سرکاری اسکولوں کے معیار کو بہتر بنانے میں حکومت سے تعاون کرنا چاہئے ۔ تلنگانہ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سبیتا اندرا ریڈی نے اسکیم سے متعلق ارکان کے سوالات کا جواب دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت 12 مختلف امور پر توجہ دی جارہی ہے۔ صاف پینے کے پانی کی سربراہی ، ٹائلٹس کی تعمیر ، برقی کی سربراہی ، فرنیچر ، گرین چارٹ بورڈ ، کمپاؤنڈ وال کی تعمیر ، ڈائننگ ہال اور ڈیجیٹل کلاس روم جیسے امور کی ترجیحی بنیادوں پر تکمیل کی جائے گی۔ یہ اسکیم تین مراحل میں مکمل ہوگی۔ حکومت سرکاری اسکولوں میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے 7000 کروڑ خرچ کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تعلیمی سال سے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم تعلیم کا آغاز ہوگا۔ غریب طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے مقصد سے چیف منسٹر نے انگلش میڈیم تعلیم متعارف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی اس مہم کا حصہ بننا چاہئے ۔ وزیر تعلیم کے مطابق ریاست میں 26,000 سرکاری اسکولوں میں 22 لاکھ طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ترک کرنے والے بچوں کو دوبارہ اسکول سے وابستہ کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ پہلے مرحلہ میں 9123 اسکولوں میں 3497 کروڑ خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر اور ضلع کے عوامی نمائندوں کی نگرانی میں سرکاری اسکولوں کی حالت کو بہتر بنایا جائے گا۔ ر