نظام آباد میں مرچ پاؤڈر سے لنچ ، ہریش راؤ کی حکومت سے نمائندگی
حیدرآباد۔/4 اگسٹ، ( سیاست نیوز) نظام آباد ضلع کے کوڈگیری منڈل کے موضع کوتہ پلی میں واقع سرکاری اسکول میں طلبہ کو کھانے کے ساتھ سالن سربراہ نہیں کیا گیا جس کے نتیجہ میں طلبہ مرچ پاؤڈر اور تیل سے کھانا کھانے پر مجبور ہوگئے۔ سوشیل میڈیا میں طلبہ کی جانب سے مرچ پاؤڈر کے ذریعہ لنچ کی تصاویر وائرل ہونے کے بعد سابق وزیر ہریش راؤ نے اسے اپنے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم پر پیش کرتے ہوئے دوپہر کے کھانے کی اسکیم میں ناکامی کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری اسکول کے طلبہ کو دوپہر میں اپنی بھوک مٹانے کیلئے مرچ پاؤڈر اور تیل کا استعمال کرنا پڑرہا ہے۔ طلبہ کیلئے مناسب کھانا فراہم کرنے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے طلبہ کو صحت بخش غذا کی فراہمی کے بجائے ناشتہ کی اسکیم ترک کردی اور دوپہر کے کھانے کی اسکیم پر عمل آوری میں کوئی سنجیدگی نہیں ہے۔ حکومت اور حکام کی لاپرواہی کے نتیجہ میں دیہی علاقوں کے طلبہ کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ دوپہر کھانے کی اسکیم کی سربراہی اور پکوان کرنے والے ملازمین کی تنخواہیں اور بلز ادا نہیں کئے گئے۔ ہریش راؤ نے وزیر فینانس و ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا سے درخواست کی کہ دوپہر کھانے کی اسکیم سے متعلق زیر التواء بلز جاری کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک کا مستقبل ہوتے ہیں انہیں صحت بخش غذا کے بجائے مرچ پاؤڈر اور تیل سے کھانے پر مجبور کرنا افسوسناک ہے۔1