سرکاری تقررات پر اپوزیشن کا جھوٹا پروپگنڈہ ء کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔ کانگریس اور بی جے پی پر سخت تنقید کرتے ہوئے ٹی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی راما راو نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے کئے گئے تقررات پر جھوٹا پروپگنڈہ کر رہی ہیں تاکہ عوام میں الجھن پیدا کی جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ کے ذریعہ عوام میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ کانگریس اور بی جے پی حقائق کو چھپا رہے ہیں اور عمدا جھوٹ پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے ایک کھلے مکتوب میں کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے 2014 سے اب تک 1,32,899 مخلوعہ جائیدادوں کو پر کیا ہے ۔ تمام تفصیلات کو میڈیا میں بھی پیش کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ تقررات پر اگر کسی کو کچھ شبہات ہیں تو وہ متعلقہ محکمہ جات سے رجوع بھی ہوسکتے ہیں۔ اپوزیشن حقیقت کو ہضم نہیں کر پا رہی ہے اسی لئے جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے ۔