محبوب نگر میں کلکٹریٹ اور پارٹی آفس کا افتتاح،عہدیداروں کو سرکاری اسکیمات پر کامیابی سے عمل آوری کا مشورہ
حیدرآباد۔/4 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج محبوب نگر ضلع کا دورہ کیا اور انٹیگریٹیڈ ضلع کلکٹریٹ کامپلکس کا افتتاح انجام دیا۔ چیف منسٹر نے ٹی آر ایس پارٹی کے نئے دفتر کا محبوب نگر ٹاون میں افتتاح کرتے ہوئے پارٹی پرچم لہرایا۔ ہر ضلع میں عصری سہولتوں سے آراستہ ضلع کلکٹریٹ کامپلکس تعمیر کیا جارہا ہے اسی کے تحت محبوب نگر کے پالا کنڈہ علاقہ میں نیا کلکٹریٹ تعمیر کیا گیا۔ چیف منسٹر نے ضلع کلکٹر ایس وینکٹ راؤ کو ان کی نشست پر بٹھایا اور مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے سرکاری عہدیداروں اور ملازمین سے اپیل کی کہ سرکاری اسکیمات پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں اور سرکاری اسکیمات کو انسانیت کی خدمت سے مربوط کریں۔ انہوں نے عہدیداروں سے کہا کہ کنٹی ویلگو اسکیم کے دوسرے مرحلہ میں سرگرمی کے ساتھ حصہ لیں جس کا آئندہ ماہ آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت عوام کی بینائی کے تحفظ کے قدم اٹھائے جائیں گے اور زیادہ سے زیادہ غریب اور مستحق خاندانوں کو اسکیم سے فائدہ پہنچایا جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ گذشتہ سات تا آٹھ برسوں میں تلنگانہ نے ہر شعبہ میں غیر معمولی ترقی کی ہے۔ ریاست کے بجٹ کو 60 ہزار کروڑ سے بڑھا کر 2.5 لاکھ کروڑ کیا گیا۔ اسی طرح تلنگانہ فی کس آمدنی میں ملک میں سرفہرست ہے۔ ریاست کی تقسیم کے وقت تلنگانہ برقی بحران کا شکار تھا لیکن نئی ریاست میں برقی کی فاضل پیداوار سے بحران پر قابو پالیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی کسی بھی ریاست میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اسکیمات نہیں ہیں۔ ر