سرکاری دستاویزات کی حفاظت کیلئےدہلی سکریٹریٹ کوسیل کردیا گیا

   

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کی جیت کے بعد دارالحکومت میں سیاسی ہلچل تیز ہو گئی ہے۔ اس دوران جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ (جی اے ڈی) کی جانب سے ایک اہم حکم نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں اعلیٰ افسران کو فوری طور پر دہلی سکریٹریٹ پہنچنے اور سرکاری دستاویزات و ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔جی اے ڈی کے جاری کردہ حکم میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سرکاری فائل، کمپیوٹر ہارڈ ویئر یا دیگر مواد کو اجازت کے بغیر سکریٹریٹ سے باہر نہ لے جایا جائے۔ یہ ہدایت تمام متعلقہ محکموں اور برانچوں کے افسران کو دی گئی ہے تاکہ سرکاری ریکارڈ، فائلوں اور الیکٹرانک ڈیٹا کو محفوظ رکھا جا سکے۔ اس ہدایت کا اطلاق نہ صرف سکریٹریٹ بلکہ وزارتی دفاتر اور کیمپ آفسز پر بھی ہوگا۔یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بی جے پی نے اسمبلی انتخابات میں واضح برتری حاصل کر لی ہے۔ سیاسی ہلچل کے درمیان، دہلی سکریٹریٹ میں سرکاری ریکارڈ اور ڈیٹا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے یہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس حکم کو متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد نافذ کیا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق ا س کا مقصد کسی بھی ریکارڈ کو غائب کرنے سے بچانا ہے۔