سرکاری دواخانوں میں آکسیجن کے سیال مادہ کو تیار کرنے کا منصوبہ

   

آکسیجن سیلنڈرس کی قلت سے نمٹنے پر غور ، محکمہ صحت سے حکومت کو تجاویز کی پیشکشی
حیدرآباد۔ ریاست تلنگانہ کے دواخانوں میں حکومت کی جانب سے آکسیجن کی تیاری کیلئے استعمال کئے جانے والے آکسیجن سیال مادہ کے انفراسٹرکچر کو تیار کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اورکہا جار ہاہے کہ ریاستی حکومت جلد از جلد ریاست کے تمام اضلاع میں موجود ضلعی دواخانو ںمیں ایسے پلانٹ تیار کرے گی جہاں آکسیجن کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے سیال مادہ کے پلانٹ موجود رہیں گے اور آکسیجن کی سربراہی میں ہونے والی مشکلات کو مستقل طور پر دور کیا جائے گا۔ محکمہ صحت کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ حکومت کو روانہ کی گئی تجاویز میں یہ تجویز شامل رکھی گئی ہے کہ تمام سرکاری دواخانو ںمیں آکسیجن گیاس پلانٹ کو نصب کیا جائے اور آکسیجن کی تیاری کے لئے استعمال کئے جانے والے سیال مادہ کو بھی دواخانہ میں ہمہ وقت رکھنے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے دوران آکسیجن کی قلت اور آکسیجن سیلنڈرس کے حصول میں ہونے والی مشکلات کے سبب جو صورتحال پیدا ہوئی تھی اس سے نمٹنے کیلئے مستقل اقدامات کو ناگزیر تصورکیا جا رہاہے او رکہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کو محکمہ صحت کے تحت کام کرنے والے ادارہ تلنگانہ اسٹیٹ میڈیکل انفراسٹرکچر کارپوریشن کی جانب سے تجویز روانہ کی گئی ہے کہ محکمہ صحت کے تحت چلائے جانے والے تمام سرکاری دواخانوں میں آکسیجن پلانٹ اور ہر ضلعی دواخانہ میں 100 بستروں تک آکسیجن کی سربراہی کے اقدامات کو یقینی بنانے کے کی منصوبہ بندی کی جانی چاہئے تاکہ مستقبل میں مریضوں کو سرکاری دواخانوں میں موجود انفراسٹرکچر پر اعتماد حاصل ہو اور وہ اپنے علاج و معالجہ کیلئے سرکاری دواخانہ سے رجوع ہونے میں کوئی ہچکچاہٹ محسوس نہ کریں۔ حکومت کی جانب سے اس تجویز کو منظوری فراہم کئے جانے کی صورت میں کریم نگر کے ضلع ہاسپٹل میں سب سے پہلے آکسیجن پلانٹ کی منظوری عمل میں لائی جائے گی اور اس کے بعد ریاست کے تمام اضلاع میں موجود ہاسپٹلس میں آکسیجن کی ہمہ وقت دستیابی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ علاوہ ازیں حکومت کی جانب سے ضلع ہاسپٹل میں وینٹیلیٹر بستروں کی تعداد میں بھی اضافہ کے سلسلہ میں اقدامات پر غور کیا جا رہاہے تاکہ سرکاری دواخانوں کی صورتحال کو بہتر بنایا جاسکے اور عوام کو سرکاری دواخانوں میں معیاری علاج کی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہوسکے۔