فائر الارم اور اسموک ڈیٹکٹر غیر کارکرد، ادویات اور آلات کی مقررہ وقت میں سربراہی کی ہدایت
حیدرآباد ۔13۔ڈسمبر (سیاست نیوز) وزیر صحت دامودر راج نرسمہا نے سرکاری دواخانوں میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات پر برہمی کا اظہار کیا اور عہدیداروں کو ہدایت دی کہ مقررہ مدت میں فائر سیفٹی سے متعلق تمام ضروری آلات نصب کئے جائیں۔ سرکاری ہاسپٹلس میں فائر سیفٹی کی سہولتوں کا جائزہ لینے کیلئے حال ہی میں حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ ٹاسک فورس نے وزیر صحت کو اپنی رپورٹ پیش کردی ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ کئی سرکاری دواخانوں میں فائر الارم اور دھوئیں کی نشاندہی کرنے والے آلات غیر کارکرد ہیں۔ گزشتہ پانچ برسوں سے فائر سیفٹی آلات کے مینٹننس پر کوئی توجہ نہیں دی گئی ہے۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں دواخانوں میں آتشزدگی کے واقعات کے بعد حکومت نے ٹاسک فورس تشکیل دی تاکہ سرکاری دواخانوں میں فائر سیفٹی اقدامات کا جائزہ لیا جائے۔ کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ کئی دواخانوں میں فائر الارم اور اسموک ڈیٹکٹرس سرے سے موجود نہیں ہے اور جن دواخانوں میں یہ آلات موجود ہیں، وہ غیر کارکرد ہیں۔ وزیر صحت نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں سرکاری دواخانوں کی صورتحال کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے واضح کیا کہ فائر سیفٹی کے معاملہ میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ عہدیداروں سے کہا گیا ہے کہ مقررہ مدت کا تعین کرتے ہوئے تمام گورنمنٹ ہاسپٹلس میں فائر سیفٹی آلات نصب کئے جائیں۔ وزیر صحت نے سرکاری دواخانوں میں طبی خدمات کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے کئے گئے بعض فیصلوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹرس اور منڈل سطح پر موجود دواخانوں کی نگرانی کیلئے عصری سسٹم متعارف کیا گیا ہے۔ سرکاری دواخانوں میں ادویات اور آلات کی جانچ کیلئے نیا پورٹل قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے ریاستی سطح پر چیف بائیو میڈیکل انجنیئر کے عہدہ کو قائم کرنے کی ہدایت دی تاکہ سرکاری دواخانوں میں بنیادی سہولتوں پر نظر رکھی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ادویات کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور طبی آلات کی زائد قیمت پر فروخت کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ عہدیداروں کی جانب سے وقفہ وقفہ سے فارمیسی کا اچانک معائنہ کیا جائے گا ۔ 1