نیلوفرہاسپٹل میں 14 ماہ کا شیرخوار کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق
حیدرآباد۔22۔ڈسمبر(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کے محکمہ صحت کی جانب سے سرکاری دواخانو ںمیں دوبارہ قرنطینہ کی سہولتوں کی فراہمی کے احکامات کے ساتھ ہی شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے اضلاع میں موجود سرکاری دواخانوں میں قرنطینہ کے لئے بستروںکی تخصیص کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ کوروناوائرس سے متاثر ہونے والے معصوم بچوں کے لئے قرنطینہ کی سہولت نیلوفر ہاسپٹل میں شروع کی گئی ہے جہاں آج 14ماہ کے معصوم شیر خوار کو ڈاکٹرس نے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی توثیق کی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ آغاپورہ کے رہنے والے خاندان نے بچہ کو بخار اور دیگر علامات کے ساتھ نیلوفر رجوع کیا تھا جہاں پر تشخیص اور معائنہ کے بعد ڈاکٹرس نے معصوم کو کورونا وائر س کی توثیق کی ہے۔ اس طرح ریاست میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 ہوچکی ہے جو مختلف دواخانوں اور قرنطینہ میں زیر علاج ہیں۔ حکومت کی جانب سے جاری کئے جانے والے احکامات کے بعد نیلوفر دواخانہ میں بچوں کے لئے 20بستروں کو کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ صحت کی ہدایات کے مطابق گاندھی ہاسپٹل میں 50 بستروں کو آکسیجن سے لیس کرتے ہوئے کورونا وائرس کے مریضوں کے لئے مختص کیاگیا ہے۔اسی طرح شہر حیدرآباد کے فیور ہاسپٹل(کورنٹی) چیسٹ ہاسپٹل اور دواخانہ عثمانیہ میں 20 بستر کورونا وائرس کے متاثرین کے لئے مختص کئے جاچکے ہیں۔ محکمہ صحت کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ریاست تلنگانہ میں 24 گھنٹوں کے دوران 925 افراد کے کورونا وائرس کا معائنہ کیا گیا جس میں 20 افراد بشمول معصوم کو کوروناوائرس کی توثیق ہوئی ہے۔ڈاکٹرس نے سرکاری دواخانوں میں قرنطینہ کی سہولتوں کے سلسلہ میں بتایا کہ ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں بھی سرکاری دواخانو ںمیں 20 بستر کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے مختص کئے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بہتر علاج کی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جاسکے۔ دونوں شہروں میں موجود سرکاری دواخانوں میں موجودسہولتو ںکو بہتر بنانے کے علاوہ معائنوں کے انتظامات اور آکسیجن سے لیس بستروں کی تیاری کے ذریعہ حکومت نے کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے اقدامات کو یقینی بنانا شروع کردیا ہے۔ نیلوفر دواخانہ ‘ عثمانیہ دواخانہ ‘ گاندھی ہاسپٹل ‘ چیسٹ ہاسپٹل اور کورنٹی دواخانہ میں کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج کے لئے سہولتوں کی فراہمی کے بعد کہا جا رہاہے کہ ضرورت پڑنے پر ان بستروں کی تعدا دمیں اضافہ کرنے کے اقدامات بھی کئے جائیں گے لیکن ماہرین صحت کا کہناہے کہ موجودہ کورونا وائر س کی لہر جس تیزی کے ساتھ پھیل رہی ہے اسی رفتار کے ساتھ ختم ہونے کا بھی امکان ہے لیکن وباء کی صورت میں کسی بھی طرح کی کوتاہی نہ ہواس کیلئے حکومت عوام میں شعوربیداری کے ساتھ علاج کی سہولت فراہم کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔م